چترال کے لئے بجلی کے مسئلے کو ہمیشہ کے لئے حل کرنے پر وزیر اعظم شاہدحاقان عباسی کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں /ایم پی اے سید سردار حسین شاہ
چترال (نمائندہ ) اپر چترال سے صوبائی اسمبلی کے رکن سید سردار حسین شاہ نے گولین گول ہائیڈرو پاؤر پراجیکٹ پر تندہی سے کام کرنے اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچاکراہالیان چترال کے لئے بجلی کے مسئلے کو ہمیشہ کے لئے حل کرنے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور موجودہ وزیر اعظم شاہدحاقان عباسی کا شکریہ اداکیا ہے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ واپڈا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کسی پاؤر پراجیکٹ سے مقامی صارفین کو نیشنل گرڈ کو بائی پاس کرتے ہوئے براہ راست بجلی دی جارہی ہے جس کے لئے ممبر قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین کا چترال کے عوام احسان مند رہیں گے جن کی مسلسل اور سرتوڑ کوششوں کی وجہ سے ہی چترال ضلعے کو گولین گول پراجیکٹ سے 36میگاواٹ بجلی دے دی گئی۔ سردار حسین شاہ نے لواری ٹنل پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے فراخدلانہ فنڈز کی فراہمی اور اسے بروقت مکمل کرنے کے عمل کو بھی موجودہ حکومت کا کارنامہ قرار دیا۔