تبدیلی کے دعویداروں کی سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے:شازیہ اورنگزیب
اے این پی خواتین ونگ کے صوبائی صدر شازیہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان تعلیمی اداروں میں ایڈم سمتھ کا مروجہ نظام لا کر نوجوان نسل کو قوم لوط کی طرح برائیوں میں مبتلا کرنے کے درپے ہیں۔پختون قوم کو نفاذ اسلام اور تبدیلی کے جھوٹے اور پر فریب دعوئوں نعروں پر دھوکہ دیا گیا مگر اب پختون قوم بیدار ہو چکی ہے ۔عمران خان نے اپنے 20اراکین اسمبلی پر ووٹ فروخت کرنے کا الزام لگا پارٹی سے نکالا مگر پنجاب اسمبلی میں چوہدری سرور نے ممبران اسمبلی کو بھیڑ بکریوں کی طرح خرید کر کامیابی حاصل کی تو اس پر عمران خان کیوں خاموش ہے ۔ وہ چارسدہ میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہی تھی ۔ اس موقع پرڈاکٹر شاہین ضمیر اور صفیہ نوروز نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر متعدد خواتین نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ کنونشن سے خطاب کر تے ہوئے شازیہ اورنگزیب نے کہا کہ جمہوریت ، پارلیمنٹ کی بالا دستی اور عوام کے حقوق کیلئے اے این پی نے لازوال قربانیاں دی ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اے این پی کے سینکڑوں کارکنوں اوررہنمائوں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔ اے این پی جمہوریت کے تسلسل کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی ۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں عمران خان نے 90دن کے اندر تبدیلی لانے کے اعلانات کرکے پختون قوم سے ووٹ لیا مگر اقتدار میں آکر کپتان صاحب تحت لاہور اور تحت اسلام آباد کے حصول میں لگ گئے اورخیبر پختونخوا کا خزانہ دھرنوں کی سیاست پر اڑایا ۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی کے دعویداروں اور مذہبی ٹھیکداروں کی سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے اور ایک بار پھر عوام کی نظریں اے این پی پر لگی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سینٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ووٹ آصف زرداری کو دیکر زرداری کے حوالے سے اپنا قول و فعل قوم کے سامنے ظاہر کیا ۔ زرداری کو پاکستان کی سب سے بڑی بیماری کہنے والے عمران خان اس حوالے سے قوم کو کیا جواب دینگے ۔عمران خان کو یوٹرن خان اور پاگل خان قرار دیتے ہوئے شازیہ اورنگزیب نے کہا کہ پختون بہنوں پر ووٹ فروخت کرنے کا بے بنیاد الزام لگا کر عمران خان نے پختون روایات کی دھجیاں اڑا ئی مگر پنجاب اسمبلی سے چوہدری سرور کی کامیابی پر وہ خاموش ہے ۔ عمران خان میں جرات ہے تو چوہدری سرور کے حوالے سے قوم کو بتائے کہ انہوں نے پنجاب اسمبلی کے کتنے ممبران کو خرید کر کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان تعلیمی اداروں میں ایڈم سمتھ کا مروجہ نظام لا کر نوجوان نسل کو قوم لوط کی طرح برائیوں میں مبتلا کرنے کے درپے ہیں ۔