503

مقامی صحافیوں کو وزیراعظم کے دورے کی کوریج سے روکا گیا/صحافیوں کی طرف سے شدید مذمت

چترال (محکم الدین محکم) بدھ کے روز وزیر اعظم میاں نواز شریف کے دورے کے دوران مقامی صحافیوں کو کوریج کی اجازت نہیں دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے دورے کے دوران مقامی صحافیوں کو کوریج سے روکا گیا جسکے بعد مقامی صحافیوں نے اس عمل پر سخت احتجاج کیا۔ پریس کلب چترال میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جسمیں تمام ممبران نے شرکت کیں اور مقامی صحافیوں کو کوریج سے روکنے کے عمل کی مذمت کی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ یہ امر حقیقت ہے کہ چترال کے مسائل کو اجاگر کرنے میں سب سے اہم اور بنیادی کردار مقامی صحافیو ں کا ہے اور انہی کے موثر اور جاندار رپورٹنگ،حقائق کو منظر عام پرلانے کی وجہ سے اعلیٰ شخصیات چترال کا دورہ کرتے ہیں ، امدادی اور ترقیاتی کاموں کا اعلان کرتے ہیں مگر دورے کے موقع پر مقامی صحافیوں کے ساتھ روا رکھا جانیوالا سلوک انتہائی قابل افسوس ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اس سارے واقعے کے ذمہ دار نومنتخب ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ اور ڈپٹی کمشنر چترال ہیں جنہوں نے مقامی صحافیوں کو وزیر اعظم کیساتھ ملاقات کرنے سے روکا۔ اجلاس میں اس امر پر بھی افسوس کیا گیا کہ فہرست میں نام نہ ہونے کا ایک نیا ’’ بہانہ‘‘ بنایا گیا ہے جوکہ کوئی منطق نہیں رکھتی حالانکہ چترال کے صحافیوں نے کئی سابق وزراء اعظم، وزراء اعلیٰ ، اعلیٰ عسکری حکام کے دوروں کی کوریج کی ہے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پریس کلب چترال آئندہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے کسی بھی پروگرام کی کوریج نہیں کریگی۔
چترال پوسٹ انتظامیہ صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کرتی ہے اور ایسے اقدامات کو میڈیا کو کنٹرول کرنے کی ناکام کوشش قرار دیتی ہے۔

DSC00950

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں