Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

اے پی ایم ایل کے سینئر رہنما نور احمد خان چارویلوکا اپنے قبیلے سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان

 چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) چترال سے قومی اسمبلی کے رکن شہزادہ افتخارالدین کے مشیر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما نور احمد خان چارویلو نے دومون بروز میں اپنے قبیلے کے تمام افراد سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی میں شامل ہوکر انہوں نے اپنی مقصد حیات کو پالیا ہے اور زندگی بھر اپنی جان ، مال اور وقت اس کے لئے صرف کرتا رہے گا جوکہ صحیح معنوں میں ایک اسلامی اور جمہوری سیاسی جماعت ہے جس کی کوئی نظیر اس ملک میں نہیں مل سکتی۔ اتوار کے روز چترال پریس کلب میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا جمشید احمد اور سابق ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی کی معیت میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپنے قبیلے کے آٹھ سو افراد کے ساتھ جماعت اسلامی میں شمولیت کے وجوہات بیان کرتے ہوئے کہاکہ 1985ء سے وہ سابق ایم این اے شہزادہ محی الدین کے ساتھ سیاسی کارکن کے طور پر صف اول میں کام کرتا آرہا تھا جس کے بعد ان کے بیٹے شہزادہ افتخار الدین کے لئے الیکشن میں دن رات ایک کرکے انہیں کامیاب کیا مگر آل پاکستان مسلم لیگ میں انہیں جمہوریت کہیں نظر نہیں آئی بلکہ تمام کردار ایک ہی شخصیت کے گرد گھومتے تھے اور کارکن کووہ مقام اور عزت حاصل نہیں تھا جوکہ جماعت اسلامی کے ایک ادنیٰ کارکن کوبھی ملتا ہے ۔ چارویلو نوراحمد خان نے کہاکہ جماعت اسلامی نہ صرف جمہوریت میں اپنی آئیڈیل شکل میں موجود ہے بلکہ جید علماء کرام کی کثیر تعداد بھی یہاں موجود ہے اور تمام قدرتی آفات میں بھی اس پارٹی کے کارکن پیش پیش ہوکر لوگوں کی بے لوث خدمت کررہے ہیں اس لئے اس جماعت میں شمولیت کا فیصلہ کیا جبکہ اس پارٹی کے بانی سید ابوالاعلیٰ مودودی کی تصنیف تفہیم القرآن کا بغور مطالعہ بھی ان کی شمولیت کے محرکات میں شامل تھے۔ انہوں نے واضح کیاکہ وہ کسی عہدہ اور الیکشن میں پارٹی ٹکٹ کے لئے جماعت اسلامی میں ہرگز شامل نہیں ہورہے ہیں بلکہ اس جماعت کی نصب العین اور اس کے پروگرام اور اس کے انداز سیاست سے متاثر ہوکر یہ قدم اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ایم این اے چترال کے ایڈوئزرشپ سمیت آل پاکستان مسلم لیگ کی بنیادی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ وہ سچے دل وجان سے اس جماعت کے لئے کام کرتے رہیں گے جس طر ح انہوں نے شہزادہ محی الدین اور اس کے بعد ان کے بیٹے کے لئے کیا تھا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا جمشید احمد نے نوراحمد خان چارویلو کی شمولیت کو جماعت اسلامی کے لئے نیک شگون قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کی بااثر شخصیات کی شرکت کی وجہ سے ضلع چترال جماعت اسلامی کا ایک ناقابل تسخیر قلعہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ایک مشنری اور نظریاتی جماعت ہونے کی وجہ سے ذیادہ سے ذیادہ افراد کی شمولیت کے لئے کوشان رہتی ہے ۔ چترال کے سابق ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نوراحمد خان کو خوش آمدید کہا۔ جماعت اسلامی کے دیگر رہنما ہدایت اللہ، قاضی سلامت اللہ، عبدالکبیر، عتیق الرحمن ، نثار احمد شاہنوی اور دوسرے بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button