چترال(نیوز ڈیسک)صوبائی انسپکشن ٹیم نے صوبے کے پانچ اضلا ع میں ویلج کونسلوں کے سیکرٹریوں کی بھرتیوں میں وسیع پیمانے پر ہونے والے بے قاعدگیوں کوبے نقاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو انکوائری رپورٹ پیش کر دی ہے جسمیں میرٹ اور رولز کے خلاف ویلج کونسلوں کے سیکرٹریوں کی بھرتی کرنے پر ڈپٹی کمشنروں کی سربراہی میں قائم کمیٹیوں کے خلاف کاروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی ہدایت پر صوبائی انسپکشن ٹیم نے صوبے کے پانچ اضلاع چترال، ایبٹ آباد، ہری پور، تورغراور بونیر میں ویلج کونسل سیکرٹریوں کی بھرتی میں ہونے والے مبینہ بے ضاقاعدگیوں کے بارے میں تحقیقاتمکمل کر کے انکوائری رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں ویلج کونسل سیکرٹریوں کی بھرتی میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور انہیں میرٹ اور رولز کے خلاف قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ میں این ٹی ایس سسٹم کو بھی غیر تسلی بخش قراردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی انسپکشن ٹیم نے اپنی انکوائری رپورٹ میں پانچ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کی سربراہی میں قائم کمیٹیوں کے خلاف بھی کاروائی کرنے کی سفارش کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز انکوائری رپورٹ کی منظوری دی ہے۔