180

کالاش ویلی رمبور لوگوں نے پیڈو کی طرف سے نیا بجلی گھر بنانے کی آڑ میں چار سالوں سے پرانے بجلی گھر کی بجلی سے محروم رکھنے پر انتہائی افسوس کا اظہار

چترال ( محکم الدین) کالاش ویلی رمبور کے متعدد دیہات دوباژ ، گمبیاک ، پراکاڑک ، کوڑدیش ، بڑاوش ، جھت گورو، بھٹٹ ، کالاشگرام، گروم اور رمبور سنٹر کے لوگوں نے پیڈو کی طرف سے نیا بجلی گھر بنانے کی آڑ میں چار سالوں سے پرانے بجلی گھر کی بجلی سے محروم رکھنے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اور کہا ہے کہ تعمیر شدہ نیا بجلی اپنے افتتاح کے روز ہی زمین بوس ہو ا ۔ اور دوبارہ تعمیر ہوکر چالو ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا ۔ جس کی وجہ سے وہ اندھیروں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ مارچ 2015میں پیڈو اور اے کے آر ایس پی نے مشترکہ طور پر پراکاڑک کے مقام پر 25 کلو واٹ چالو بجلی گھرکی پیدوار 75کلوواٹ تک بڑھانے کیلئے سروے کیا ۔ اور اکتوبر میں کام شروع کیا ۔ جس کے بعد چارسالوں سے علاقے کے عوام بجلی کی نعمت سے محروم ہیں ۔ جبکہ نئی بجلی گھر کی حالت یہ ہے ۔ کہ جب پیڈو کے آفیسران کی موجودگی میں ٹسٹ کرنے کیلئے ٹینکی میں پانی چھوڑا گیا ۔ توپانی کا دباؤ برداشت نہ کرتے ہوئے ٹینکی شکست وریخت کا شکار ہوا ۔ اور متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کو خود اپنے بالائی آفیسران اور کمیونٹی کے سامنے شرمندگی اُٹھانی پڑی ۔ جس کے بعد ٹینکی از سر نو تعمیر کرنے کیلئے مکمل طور پر منہدم کیا گیا ۔ لیکن ٹینکی ہے کہ مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہی ۔ جبکہ علاقے کے عوام مسلسل بجلی کی آمد کا انتظار کر تے کرتے تھک چکے ہیں ۔انہوں نے کہا ۔ کہ حکومت ان مائکرو ہائیڈل کو بجلی کی فراہمی کا اہم ذریعہ قرار دے کر ان کی مسلسل تشہیر کررہا ہے ۔ جبکہ زمینی حقائق اس کے بالکل بر عکس ہیں ۔ انہوں نے کہا۔ کہ مقامی لوگوں کا انتظار نا قابل برداشت ہو چکا ہے ۔ اس لئے مزید تاخیر کئے بغیر بجلی کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں