167

اپر چترال بجلی کی لوڈشیڈنگ کےخلاف3اپریل کو ہونے والی لانگ مارچ حکام کی طرف سے یقین دہانی کے بعد غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

اپر چترال کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی لانگ مارچ کے سلسلے میں منگل2اپریل کو بونی میں اسسٹنٹ کمشنر اپر چترال کے دفتر میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں تحریک حقوق عوام اپر چترال کے ہرعلاقے کے نمائندے کثیر تعداد میں شریک تھے۔ میٹنگ میں ای ڈی پی او اپر چترال، اے آر ای پیڈو اپر چترال اور تحصیل نائب ناظم نے شرکت کی۔ چونکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے تنگ آکر عوام نے پاور ہاؤس کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا اس لیے اے آر ای نے اجلاس کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ بجلی کی سپلائی کا موجودہ تسلسل برقرار رکھا جائے گا اور مزید بہتر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ میٹنگ میں باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ اے آرای لکھ کر دیں جس کے بعد اے آر ای نے بجلی کا شیڈول لکھ کر دیا جس پر بطور تصدیق اسسٹنٹ کمشنر مستوج،ایس ڈی پی اواپر چترال اورایس ایچ او بونی نے دستخط کیے۔ شیڈول کے مطابق شام 6:30 سے 9:30 بجے تک ایک دن تورکھو سیکشن اور دوسرے دن مستوج سیکشن میں لوڈ شیڈنگ ہوگی، اسی طرح صبح 5 بجے سے ساڑھے سات بجے تک ایک دن بعد لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔ باقی تمام ٹائم بجلی سپلائی ہوگی۔ اس شیڈول میں مزید بہتری لانے کی کوشش کی جائے گی۔ اور ٹرانسفارمر کی تنصیب کے بعد بلا ناغہ بجلی سپلائی ہوگی۔ اس تحریری یقین دہانی کے بعد باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ کل کا لانگ مارچ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیا گیا اور مزید فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کی سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لیا جاتا رہے گا اور بہتری نہ ہونے یا شیڈول کے مطابق بجلی نہ آنے کی صورت میں ایکشن لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں اپر چترال کے مختلف علاقوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو بجلی کی صورتحال کا جائزہ لےگی۔ اس طرح یہ میٹنگ اپنے اختتام کو پہنچی۔ تحریک حقوق عوام اپر چترال اپر چترال کےغیورعوام کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔بجلی کی سپلائی میں پیش قدمی سے عوام کو آگاہ کیا جاتا رہےگا۔ تحریک حقوق عوام اپر چترال نے اسسٹنٹ کمشنراپر چترال کو ان کی ذاتی دلچسپی لیکر یہ مسئلہ حل کرنے پر ان کابھی شکریہ ادا کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں