263

پشاور میں روزنامہ آواز شہر کی دسویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد

پشاور(منصور شاہ سے)اسسٹنٹ ڈائریکٹر انٹی نارکاٹکس فورس خیبرپختونخوا احمس بن طارق نے کہا ہے کہ صحافی معاشرے میں پھیلی ہوئی برائیوں کا انتہائی احسن طریقے سے نشاندہی کررہے ہیں، ان کی نشاندہی پر متعلقہ ادارے کارروائی کرکے ملزمان کو گرفتار کرکے عبرت کا نشانہ بنارہے ہیں، روزنامہ آواز شہر پشاور نے انتہائی قلیل عرصے میں جو کامیابی حاصل کی وہ انتہائی کم اخبارات کو نصیب ہوتی ہے، روزنامہ آواز شہر پشاور کی دسویں سالگرہ پر میں اے این ایف کی طرف سے پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں روزنامہ آواز شہر کی دسویں سالگر ہ کی تقریب سے اپنے خطاب میں تقریب سے قومی امن کمیٹی کے چیئرمین علامہ محمد شعیب، ایس پی ایلیٹ فورس ساجد خان، پاکستان گروپ آف جرنلسٹس کے صوبائی صدر گل احمد مروت، چیف ایڈیٹر روزنامہ آواز شہر سید زربادشاہ، سچ ٹی وی کے بیورو چیف عمران آیاز و دیگر نے بھی خطاب کیا اور اسکے علاوہ سینئراسسٹنٹ ڈائریکٹر اے این ایف معشوق علی،اے این پی کے ایم پی اے ثمرہارون بلور،انسپکٹرایلیٹ فورس عارف خان،پی ٹی آئی رہنما گل باچا،اے وی ٹی خیبرکے اینکرسراج عارف،رائیل نیوزکے بیوروچیف شبیراحمدخان،بنوں پریس کلب یونین کے صدر فریداحمدنیازی اورڈسٹرکٹ رپورٹربنوں عبدالقیوم خان،اخبارفروش یونین کے صدررضاخان اور سیکرٹری اطلاعات رحمن گل مہمند و دیگر نے بھی شرکت کی۔احمس بن طارق نے کہا کہ انٹی نارکاٹکس فورس ملک بھر میں منشیات کے خلاف عملی طور پر برسرپیکار ہے اور ہم ملک سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے اپنے تمام وسائل استعال کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور روزنامہ آواز شہر کے صحافی اس ذمہ داری کو بخوبی نبھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آواز شہر کی ٹیم چیف ایڈیٹر سید زربادشاہ، ایگزیکٹو ایڈیٹر زین اللہ خان، چیف رپورٹر شاکر خان شنواری اور نیوز ایڈیٹر منصور شاہ کو میں اس بہترین تقریب کے انعقاد پر مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح کی تقریبات کا انعقاد کرکے صحافیوں اور مختلف اداروں کے افسران و اہلکار کو مل بیٹھنے کا موقع فراہم کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امن کمیٹی کے چیئرمین علامہ محمد شعیب نے کہا کہ روزنامہ آواز شہر نے انتہائی قلیل وقت میں اپنا نام کمایا حکومت کو چاہئے کہ اشتہارات کی مد میں اس کے ساتھ تعاون کرے تاکہ وہ اپنے اخبار کو مزید بہتر بناسکے۔ ایس پی ایلیٹ فورس ساجد خان نے کہا کہ صحافی معاشرے میں پائی جانے والی برائیوں کی نشاندہی کریں ہم بھرپور کارروائی کریں گے۔ آواز شہر ٹیم کی بہترین کاوشوں کی بدولت صوبے کے بڑے اخبارات میں شمار ہونے لگا ہے۔ میں آواز شہر کی پوری ٹیم کو دسویں سالگرہ پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ چیف ایڈیٹر روزنامہ آواز شہر سید زربادشاہ نے کہا کہ آج آواز شہر جس مقام پر ہے اس میں اس کی پوری ٹیم کی کاوشیں شامل ہیں، ٹیم بھرپور ساتھ نہ دیں تو شاید میں آواز شہر کو اس مقام پر پہنچانے میں آج کامیاب نہ ہوتا۔ پاکستان گروپ آف جرنلسٹس خیبرپختونخوا کے صدر گل احمد مروت نے کہا کہ روزنامہ آواز شہر کی اشاعت کا جب آغاز ہوا تو کہا یہ جارہاتھا کہ چونکہ اخبارات کی بھرمار ہے اس لئے یہ اخبار زیادہ دیر نہ چل سکے گا لیکن چیف ایڈیٹر سید زربادشاہ کی زیر ادارت ٹیم نے ایسی محنت کی کہ تمام مفروضے غلط ثابت ہوگئے اور آج روزنامہ آواز شہر کا شمار صوبے کے بڑے اخبارات میں ہوتا ہے اور صوبہ بھر میں اسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ سچ ٹی وی کے بیوروچیف عمران آیاز نے کہا کہ آواز شہر کا شمار ٹیم کی محنت اور کاوشوں کی بدولت آج صوبے کے بڑے اخبارات میں ہوتا ہے اور اس کا کریڈٹ اس کی پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ آخر میں ایم پی اے ثمر ہارون بلور و دیگر نے روزنامہ آواز شہر کی دسویں سالگرہ کا کیک کاٹ اور اخبار کی مزید ترقی کے لئے خصوصی دعا کی۔ تقریب میں گلوکار وصال خیال، سنگر عینی خان، سنگر فرح خان اپنی آواز کی جادو سے حاضرین محظوظ کیا۔بنوں پریس کلب یونین کے صدر فرید احمد نیازی نے روزنامہ آوازشہرپشاورکے ٹیم میں شیلڈ ز تقسیم کیں، نیز مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے افراد میں بہترین کارکردگی پر سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے گئے۔تقریب کی کمپیئرنگ دی اکسفورڈ سکول سسٹم کے ٹیچر عباداللہ خان نے کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں