421

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے تحصیل کونسل کے ارکان کا تحصیل ناظم کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ۔

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے تحصیل کونسل چترال کے ارکان عبد المجید شغور ، محمد علی کریم آباد ، خوش محمد اور پی ٹی آئی کے ضلعی کوارڈنیٹر محمد قاسم نے جمعہ کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل کونسل چترال کی ترقیاتی فنڈز کے غیر منصفانہ تقسیم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالت جانے کا فیصلہ کیاہے ۔ انھوں نے کہاکہ تحصیل کونسل کے اجلاس میں متفقہ طور پر یہ قرارداد پاس کی گئی تھی کہ فنڈز کی تقسیم منتخب اور سپیشل سیٹ پر آنے والے ممبران میں برابر تقسیم کئے جائیں گے۔ جب فنڈز کے تقسیم کا فیصلہ آیا تو تحصیل ناظم محمد الیاس نے کونسل کی متفقہ فیصلے کو بلڈوز کرتے ہوئے اپنے منظو ر نظر ممبرا ن کو فنڈز کا زیادہ حصہ دیا۔ انھوں نے کہاکہ گیارہ کروڑ روپے کے فنڈز سے ہر ممبر کو ساٹھ لاکھ روپے ملنا تھا ۔ لیکن تحصیل ناظم اور نائب ناظم نے اپنے منظور نظر افراد کو اسی سے نوے لاکھ روپے دئیے۔ جو کہ کونسل کی فیصلے کی خلاف ورزی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہم عدالت سے تحصیل ناظم و نائب ناظم کے خلاف حکم امتناعی لیں گے۔ عدم اعتماد کی تحریک اس لئے نہیں لاسکتے کیونکہ کونسل میں ہماری اکثریت نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں