488

حکومت اور اداروں پر تنقید کرنا لوگوں کا مزاج بن گیا ہے۔اُسامہ احمد وڑائچ

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) ڈپٹی کمشنر چترال اُسامہ احمد وڑائچ نے کہا ہے ،کہ حکومت اور اداروں پر تنقید کرنا لوگوں کا مزاج بن گیا ہے ۔ لیکن جو ادارے اچھے کام کریں اُن کی تعریف بھی ہونی چاہیے ۔ ڈیزاسٹر میں چترال میں بہت علاقے ندی نالوں میں سیلاب آنے کی وجہ سے تباہ ہوئے ہیں ، اُن میں ایون کا خوبصورت علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ۔ اس لئے ہم نے سی ڈی ایل ڈی پروگرام میں سب سے زیادہ فنڈ اس علاقے کیلئے مختص کر دیا ہے ۔ تاکہ ایون کو آیندہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچایا جا سکے ۔ ان خیالات اظہار انہوں نے منگل کے روز محکمہ ایریگیشن کے زیر نگرانی ایون نالے کی چینلائزیشن اور مصنوعی ڈیم کی صفائی کا کام معائنہ کرنے کے موقع پر مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ا س موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چترال الطاف احمد ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز بشارت احمد ،عبد الاکرم ،ایکسین ایریگیشن محمد زبیر ڈی ایف او چترال اور ڈی ایس پی ظفر احمد ،ایس ڈی او ائریگیشن محمد علی کے علاوہ ناظمین کونسلر ز اور علاقائی معززین کی بڑیٰ تعداد موجود تھی ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ۔ کہ ایون میں پہلی بار نالے کی صفائی ہو رہی ہے ۔ اور اس طرح چترال کے مختلف وادیوں میں چینلائزیشن کے 13منصوبوں پر کام جاری ہیں ۔ایون میں پی پی اے ایف کے تحت آغاخان رورل سپورٹ پروگرام کے زیر انتظام تقریبا دس کروڑ روپے کے فنڈ سے منصوبے تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ ان میں انفراسٹرکچر کے علاوہ ہیلتھ اور ایجوکیشن کی بہتری کے پروگرام بھی شامل ہیں ۔ اس فنڈ سے یونین کونسل ایون کے بہت مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔اور میں نے اے کے آر ایس پی کو مشورہ دیا ہے ۔ کہ وہ منصوبے کئے جائیں جن سے کمیونٹی اور علاقے کو فائدہ ہو ۔ انہوں نے کہا ، کہ ایون کے متاثرہ آبپاشی نہروں کیلئے بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے ۔ ان میں کچھ نہریں متعلقہ ادارے بحال کریں گے ۔ اور باقی نہروں کی تعمیر و مرمت کیلئے ہم دیگر ادروں سے تعاون حاصل کرنے کی کو شش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ مجھے خوشی ہے کہ ایون کے لوگ خود اپنے کاموں میں بھی بہت دلچسپی لیتے ہیں ۔خاص کر ایون نالے کی صفائی کے حوالے سے کئی مرتبہ مقامی لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ۔ کہ ایون کے لوگوں کیلئے یہ خوشی کی بات ہے کہ چترال بمبوریت روڈ کی تعمیر کیلئے وزیر اعظم نے جو اعلان کیا تھا ۔26مارچ کو اسلام آباد میں این ایچ اے کے زیز نگرانی ٹینڈر ہو رہا ہے ۔ جس کے بعد بہت جلد اس پر کام شروع کیا جائے گا ۔ قبل ازین ڈی سی چترال نے چینلائزیشن کے کام کا جائزہ لیا ، اس موقع پر ایکسین ایریگیشن محمد زبیر نے کام سے متعلق ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی اور یقین دلایا ،کہ ڈیم کی صفائی اور چینلائزیشن کا کام دن رات جاری ہیں ۔ اور تین مہینے کے اندر کام مکمل کیا جائے گا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقامی سیاسی و سماجی شخصیت خیرالاعظم ، وجیہہ الدین اور ناظم مجیب الرحمن نے ایون کے مسائل کی طرف بھر پور توجہ دینے پر ڈی سی چترال اور دیگر اداروں کے آفیسران کا شکریہ ادا کیا ۔ اور متاثرہ ایون کی بحالی کیلئے ضلع کے تمام آفیسران سے بھر پور مدد اور تعاون کے توقع کا اظہار کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے بعد آزان سید آباد پُل کے مقام کا بھی معائنہ کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں