356

گلگت بلتستان کو آئندہ مالی سال کیلئے تقریبا 150ارب کا تاریخی بجٹ ملے گا، آئندہ مالی سال کے بجٹ پروپوزل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور عید کے بعد مزید پیشرفت ہوگی

اسلام آباد: گلگت بلتستان کو آئندہ مالی سال کیلئے تقریبا 150ارب کا تاریخی بجٹ ملے گا، آئندہ مالی سال کے بجٹ پروپوزل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور عید کے بعد مزید پیشرفت ہوگی۔ اسی حوالے سے بدھ کے روز وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور صوبائی وزیر خزانہ جاوید منوا نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین سے اہم ملاقات کی ہے اور گلگت بلتستان کے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر خزانہ جاوید علی منوا نے کے پی این کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزیر خزانہ کی ملاقات بجٹ کے حوالے سے تھی۔ سات ارب روپے کی سپلمنٹری گرانٹ کی ایک اور قسط تین ارب روپے آئندہ چند روز میں جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ،سپلمنٹری گرانٹ کی ایک قسط دو ارب روپے پہلے ہی مل چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ کے ساتھ غیر ترقیاتی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ہ آئندہ مالی سال کے ریگولر بجٹ خصوصا تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی مد میں غیر ترقیاتی بجٹ میں 70فیصد تک اضافہ کرنے کی نوید سنائی گئی ہے مزید پیشرفت عید کے بعد ہوگی جس میں صوبائی محکمہ خزانہ اور وفاقی وزارت خزانہ کے حکام کی میٹنگ ہوگی جس میں ان امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ تاریخی ہوگا،ماضی میں گلگت بلتستان کا غیر ترقیاتی بجٹ 32ارب روپے سے زیادہ بڑھا نہیں ہے، اب چونکہ گلگت بلتستان میں پی سی فور کے ملازمین کا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ پی سی فور کے تحت مزید 16ہزار کے قریب ملازمین کی ریکویزیشن تیار ہو رہی ہے۔2008 سے اب تک کے جتنے بھی پی سی فور کے ملازمین ہیں ان کو صوبائی حکومت نے بجٹ پروپوزل میں شامل کر لیا ہیانہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 60ارب روپے لگایا تھا تاہم وفاقی حکومت نے 47ارب روپے تک اتفاق کر لیا ہے اگر یہ سنتالیس ارب روپے کی منظوری دی جاتی ہے تو بھی گلگت بلتستان کی تاریخ کا سب سے بڑا غیر ترقیاتی بجٹ ہوگا۔ اس کے علاوہ ترقیاتی بجٹ میں اے ڈی پی کے 25ارب جبکہ وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ پیکج کے تحت74ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ملے گااس طرح ٹوٹل 100ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ جبکہ 47ارب روپے کا غیر ترقیاتی بجٹ ملے گا۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی کیلئے ممکن مدد فراہم کی جائے گی، وفاق گلگت بلتستان کی بھرپور اقتصادی معاونت بھی کریگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں