261

صوبے میں میرٹ پر 25 ہزار سے زیادہ اساتذہ کی تقرری کا عمل مکمل ہوگیا۔وزیرتعلیم محمدعاطف خان

پشاور(نامہ نگار)صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ کرپشن انصاف کی فراہمی میں سب سے بڑی روکاوٹ ہے ہماری حکومت ناانصافی کے خاتمے، میرٹ کی بالادستی اور حکومتی نظام کو شفاف بنانے کو اولیت دے رہی ہے ۔صوبے میں میرٹ پر 25 ہزار سے زیادہ اساتذہ کی تقرری کا عمل مکمل ہوگیا ہے جبکہ اگلے دوسال میں مزید 25 ہزار اساتذہ کی بھرتی میرٹ اور شفاف نظام کے تحت مکمل کی جائے گی ۔وہ گورنمنٹ سینٹنیل ماڈل سکول نمبر 3 مردان میں منعقدہ خصوصی تقریب میں ضلع مردان میں حال ہی میں بھرتی ہونے والے 427 پی ایس ٹی ، 28 سی ٹی ، 3 ٹی ٹی ، دو قاری ، تین ڈی ایم اور ایک پی ای ٹی اساتذہ میں تقرر نامے تقسیم کرنے کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر مردان سراج محمد، سکول کے پرنسپل اور ایجوکیشن ٹاسک فورس کے رکن حافظ زبیر اور اجمل خان نے بھی خطاب کیا ۔قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان ، ثقافت کے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری زاہد درانی اور ضلع کونسل اور تحصیل کونسل کے بعض ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔محمد عاطف خان نے کہا کہ میگا پراجیکٹس کی بات کرنے والے نہیں جانتے کہ ہمارا سب سے بڑا میگا پراجیکٹ تعلیم کے نظام کو درست کرنا ہے ہم نے حکومت سنبھالی اور صوبے میں تعلیم اور تعلیمی اداروں کی حالت دیکھی تو نہایت افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ماضی کے تمام حکمرانوں نے تعلیم اور سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ بلکہ اس میں پڑھنے والے غریب عوام کے ساتھ دشمنی کا رویہ اختیار کیا اور ان لوگوں نے اس شعبے کی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی ۔نااہل لوگوں کو بھرتی کیا گیا اساتذہ اپنی ڈیوٹی کی بجائے سیاسی لوگو ں کے آگے پیچھے پھرتے رہے اور اپنے ذاتی اور دوست احباب کو نوازنے کے لیے غیر مناسب جگہوں پر سکول بناکر قومی دولت ضائع کی گئی ان لوگوں کو صوبے کے غریب عوام پر کوئی رحم نہیں آیا ۔ہماری حکومت نے تعلیمی ایمرجنسی نافذکر کے تعلیمی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا ۔مانیٹرنگ کا جامع نظام لا کر سالہا سال سے غیر حاضر عملے کو اپنی ڈیوٹی پر واپس لانے اوررعرصہ دراز سے بند سکولوں کو کھولااور سکولوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لیے دس ارب روپے مختص کیے ہیں جبکہ اس سال مزید چار ارب روپے اس مقصد کے لیے دیئے جائیں گے تعلیم کا شعبہ ٹھیک ہوگا تو پورا نظام ٹھیک ہوگا۔اُنہوں نے نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ پر زور دیا کہ جس طرح خالص میرٹ پر ان کو بھرتی کرکے ان کے ساتھ انصاف کیا گیا اسی طرح توقع ہے کہ وہ بھی اپنے پیشے کے ساتھ انصاف کرکے قوم کے بچوں کو انتہائی محنت سے پڑھا کر انہیں پرائیویٹ تعلیمی اداروں سے اچھا پڑھائیں گے تاکہ ہمارے غریب کا بچہ بھی ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہے اور سرکاری سکولوں پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔بعدازاں انہوں نے اساتذہ میں تقرر نامے تقسیم کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں