Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

پشاور میں مقیم چترال کی بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ لواری ٹنل کی جلد تکمیل کے لئے حکومت سے موثر انداز میں بات چیت کی جائے گی۔ سینئر نائب صدر عماد رشید

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کی بلا امتیاز خدمت بزنس مین فورم کا وطیرہ رہا ہے ۔ پشاور کی تاجر برادری نے مشکل ترین حالات میں کاروباری سرگرمیا ں جاری رکھ کر پوری دنیا کو پیغام دیا ہے کہ بزنس کمیونٹی پُرامن ہے اور نامساعد حالات میں بھی ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے ۔پشاور میں مقیم چترال کی بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ لواری ٹنل کی جلد تکمیل کے لئے حکومت سے موثر انداز میں بات چیت کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چترال بزنس کمیونٹی ضلع پشاور کی جانب سے چترال کے کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کے لئے چیمبر ہاؤس میں منعقدہ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید ٗ نائب صدر شجاع محمد ٗ چترال بزنس کمیونٹی ضلع پشاور کے صدر صادق امین ٗ چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین راشد اقبال ٗ اشتیاق محمد اور صدر گل ٗ ضیاء الحق سرحدی اور چترالی بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے چترال بزنس کمیونٹی ضلع پشاور کی جانب سے پشاور میں مقیم چترالی بزنس کمیونٹی کے اُن کاروباری افراد میں 16بزنس ایکسیلنس ایوارڈ تقسیم کئے جنہوں نے 1948ء سے بہترین کاروباری پرفارمنس دکھائی اور مشکل ترین حالات میں بھی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں اور روزگار کے مواقع پیدا کئے ۔ خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا چیمبر اور بزنس کمیونٹی کو نظر انداز کرنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر بزنس کمیونٹی کی بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتا ہے اور بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور کی قیادت میں خیبر پختونخوا چیمبر نے بزنس کمیونٹی کے وہ دیرینہ مسائل بھی کئے جنہیں حکومتیں مسلسل نظر انداز کرتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبے کی بزنس کمیونٹی کو دہشت گردی سمیت امن و اما ن کی ابتر صورتحال کا سامنا ہے اور حکومت کو بزنس کمیونٹی کے خدشات دور کرنے کے لئے خاطر خواہ اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے صوبے کی بہترین انداز میں خدمت کرنے اور کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے پرچترالی بزنس کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا چیمبر چترال سے تعلق رکھنے والے کاروباری طبقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گا۔ اس موقع پر چترال بزنس کمیونٹی ضلع پشاور کے صدر صادق امین نے بھی خطاب کیا اور بزنس کمیونٹی کیلئے بے لوث خدمت کرنے پر خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان اور بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان سے لواری ٹنل کی جلد تکمیل کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرنے کی درخواست بھی کی ۔ انہوں نے چترال بزنس کمیونٹی ضلع پشاور کی جانب سے ایوارڈز دینے کے حوالے سے تفصیلات بھی پیش کیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button