383

اہلسنت الجماعت کے زیر اہتمام حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی وفات کی مناسبت سے چترال میں ایک کانفرنس منعقد

چترال (محکم الدین ایونی ) اہلسنت الجماعت کے زیر اہتمام حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی وفات کی مناسبت سے ضلع کونسل ہال چترال میں ایک کانفرنس منعقد ہوئی ۔جس میں ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ مہمان خصوصی اور اتحادالعلماء چترال کے صدر مولانا اسرار الدین الہلال صدر محفل تھے ۔ خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان ، مولانا حافظ خوش ولی خان ، مولانا سراج احمد راہ حق پارٹی کے مولانا جاویدالرحمن اور مولانااشرف خان کے علاوہ بڑی تعداد میں فرزندان توحید نے اس کانفرنس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر مقررین نے ا پنے خطاب میں اس امر کا اظہار کیا ۔ کہ سیدنا حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ وہ ہستی ہیں ۔ جنہوں نے سب سے پہلے رسول خدا کی آواز پر لبیک کہا ۔ اور دین اسلام کی دعوت قبول کرتے ہوئے اپنا سب کچھ اسلام اور رسول مقبول پر قربان کردیا ۔ یہی وجہ ہے ۔ کہ اللہ پاک نے آپ کی دین اسلام اور رسول خدا کے ساتھ خلوص کی خود تعریف کی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ صدیق اکبر رسول پاک پر بغیر کسی دلیل کے ایمان لانے والے اور جان نچھاور کرنے والے ساتھی تھے ۔ مقررین نے کہا ۔ کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے ،لیکن افسوس کا مقام ہے کہ یہاں سوائے خلفائے راشدین کے ہر کسی کے نام کے دن منائے جاتے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ۔ کہ خلفائے راشدین کے نام بھی دن مخصوص کئے جائیں ۔ اور ملک میں مقامات اور سڑکیں اُن کے نام سے منسوب کئے جائیں ،نیز امہات المومنین کی شان میں گستاخی کی سزا کا قانون پاس کیا جائے ۔ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے کہا ۔ کہ سرزمین پاک دشمنوں کی انکھوں میں کھٹکتا ہے ۔ اس لئے یہاں مختلف قسم کے انتشار پیدا کرکے اس کے استحکام کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس لئے وقت کا تقاضا ہے کہ کلمے کی بنیاد پر اتحاد قائم کرکے دشمنوں کو شکست دی جائے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ خلفائے راشدین کے دن منانے کے سلسلے میں اقدامات کئے جائیں گے ۔ لیکن بعض انتظامی مجبوریاں بھی درپیش ہیں ۔ تاہم ایک اور عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا ۔ خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان نے کہا ۔ کہ پاکستان میں سالانہ کھربوں روپے کے فنڈ سکول و کالج اور یونیورسٹیوں اور کلچر شو اور کھیل کود پر تو خرچ کی جاتی ہیں ۔ لیکن کسی مدرسے پر ایک پائی بھی خرچ نہیں کی جاتی ۔ جو کہ انتہائی قابل افسوس ہے ۔ کانفرنس سے مولانا اسرارالدین الہلال ،حافظ خوشولی خان ، مولانا جاویدالرحمن ، مولانا اشرن خان اور مولانا سراج وغیرہ نے خطاب کیا ۔ جبکہ قاری محمد یونس نے تلاوت کلام پاک قاری شمس الدین ، قاری امین الرحمن معروف عوامی شاعر دول اور مولانا حسن الدین نے نعت شریف پیش کئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں