358

ایف ایل آئی کے زیر اہتمام یو ایس ایڈ کے پراجیکٹ کی اختتامی تقریب

چترال(نمائندہ ڈیلی چترال) خطرے سے دوچار زبانوں میں قاعدہ اور لغت جیسی اہم کتابوں کی اشاعت ان زبانوں کو محفوظ بنانے کی طرف بنانے کی طرف بڑی پیش رفت ہے۔یہ بات ضلع نائب ناظم چترال مولانا عبدالشکور نے گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں چار زبانوں کی لغت اور قاعدے کی کتابوں کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب فورم فارلینگویج انی شے ٹیوز (ایف ایل آئی) کے زیر اہتمام یو ایس ایڈ کے پراجیکٹ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔اس پراجیکٹ کے تحت اوشوجو،دمیلی،گوارباتی اور یدغہ زبانوں میں قاعدہ ،لغت اور لوک کہانیوں کو شائع کیا گیا۔تقریب کی صدارت ممتاز ادیب شاعر اور محقق مولا نگاہ نے کی۔مقررین میں فخرالدین اخونزادہ،فرید احمد رضا،پروفیسر ممتاز حسین،ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی،نصیر اللہ نصیر،حاجی ملا ادینہ خان،عصمت اللہ دمیلی ،علاوالدین حیدری شامل تھے۔ایف ایل آئی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر فخرالدین اخونزادہ نے کہا کہ ایف ایل آئی پاکستان میں معدومیت کے خطرے سے دوچار زبانوں کو دستاویزات ،آڈیو ویڈیوزالبم اور دیگر ذرائع سے تحفظ دینے کے لئے کام کررہی ہے۔یوایس ایڈکے تعاون سے چار زبانوں میں لغت ،قاعدہ اور لوک کہانیوں کا پراجیکٹ اس سلسلے کی کڑی ہے۔یہ کام آئیندہ بھی جاری رہے گا اس موقع پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔گوارباتی،یدغہ اور دمیلی زبان پرکام کرنے والے ماہرین نے کہا کہ پراجیکٹ کے تحت ہرزبان میں 12لکھاریوں کی ٹیم کو رسم الخط ،کمپیوٹر اور دستاویزکاری میں تربیت فراہم کی گئی ہے۔48ماہرین کی یہ ٹیم آئیندہ اس کام میں دوسرے لکھاریوں کی تربیت کریگی۔کمیونٹی کے نمائندوں نے ایف ایل آئی اور یو ایس ایڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔اس موقع پر مقررین نے مختلف زبانوں پر تحریری کام کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس اہم کام کے لئے ایف ایل آئی یوایس ایڈ کے کام کی تعریف کی۔مہمان خصوصی ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکور نے چترال کی تمام زبانوں کے لکھاریوں ،ادیبوں اور محققین کو ضلعی حکومت کی طرف سے تعاون کا یقین دلایا۔صدر محفل مولا نگاہ نے اپنی صدارتی تقریر میں اس امر کی ضرورت پر زور دیا کہ مختلف زبانوں کی گیتوں اور کہانیوں کو دوسری زبانوں میں ترجمہ کرکے شائع کیا جائے تاکہ محبت اور یگانگت کا پیغام عام کیا جاسکے۔تقریب کی نظامت کے فرائض عطاء حسین اطہر اور ظہور الدین دانش نے انجام دئیے۔سراج اکبر نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی،جبکہ عبدالمنان نے گوارباتی زبان میں خوبصورت نعت پیش کرکے داد حاصل کی۔بعد ازان ثقافتی محفل میں تین زبانوں کے فنکاروں نے لوک گیت سنائے۔

Fli1

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں