267

فائر ووڈ الاؤنس میں کمی غریب اور متوسط طبقے کے سرکاری ملازمین کے ساتھ ناانصافی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ اپر چترال

اپرچترال/انفارمیشن سیکرٹری پاکستان پیپلزپارٹی اپرچترال سید کوثرعلی شاہ نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ صوبہ کے پی کے کے ہارڈ زون اور چترال کے موسمی حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہارڈ زون کے سرکاری ملازمین کیلئے فائر ووڈ الاؤنس کو اس وقت 45 روپے سے بڑھا کر 747 روپے کردیا تھا اور اس وقت سرکاری ملازمین کی تنخواہیں گھر کے دوسرے اخراجات کیلئے پوری نہیں ہوتی تھیں۔ اس کے بعد انے والی حکومتوں نے اس الاؤنس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی اور نہ ہی اس میں اضافے کیے۔ 2008 میں چترال سے پاکستان پیپلز پارٹی کے اس وقت کے ایم پی اے اور صوبائی وزیر سلیم خان نے کے پی کے اسمبلی میں ایک قرارداد کے ذریعے وزیراعلیٰ  آمیرحیدر خان ہوتی  کے اپروول سے اس الاؤنس کو 7،700 کر دیا تھا اور یہ سلسلہ چلا آرہا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس نااہل اور نالائق حکومت نے آتے ہی غریبوں کے حق پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے اس متوسط طبقے کے لوگوں کی زندگی کو بھی اجیرن کر کے رکھ دیا ہے۔ سرکاری ملازمین کو دھوکا دے کر ان سے جھوٹے وعدے کیے یہاں تک کہ پی ٹی آئی کے وزیر اعلیٰ کے چترال کے حالیہ دورے کے موقع پر ان کے استقبال کیلئے تمام سرکاری ملازمین کو یہ کہہ کر بلایا گیا کہ آپ کے فائر ووڈ الاؤنس میں اضافہ وزیر اعلیٰ کے سپاس نامہ میں شامل کیا گیا ہے اور اس موقع پر چترال کے سرکاری ملازمین کے ساتھ یہ وعدہ بھی ہوا کہ آپ کو فائر ووڈ الاؤنس ڈیلی 100 روپے کے حساب سے ملیں گے۔ اس وعدے سے انحراف کرتے ہوئے انصاف کی حکومت نے وہ فائر ووڈ الاؤنس پہلے سے بھی کم کر دیا ہے۔ یہ اقدام اس نااہل حکومت کی سرکاری ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک اور ان کےحق پر ڈاکہ ہے اور آج اپنے حق کیلئے چترال کے تمام سرکاری ملازمین اس مشکل موسمی حالات کے باوجود روڈ پر آکر احتجاج کرنے پرمجبور ہو گئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپر چترال موجودہ حکومت کی اس نااہلی اور غریب دشمن پالیسی کو مسترد کرتی ہے اور سرکاری ملازمین کی آواز میں آواز ملاتے ہوئے ہر فورم پر ان کے ساتھ مدد کرے گی اور ان کے ہر قدم کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ اُنہوں نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی یہ یقین بھی دلاتی ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت آتے ہی پاکستان پیپلز پارٹی آپ کی اواز بنے گی اور آپ کا حق آپ کو دینے میں مثبت کردار ادا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں