284

دیر، چترال اور باجوڑکیلئے اہم منصوبے دیر موٹروے کے پہلے مرحلے کی تعمیر کیلئے اشتہار جاری کردیا گیا ہے/وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ نہ صرف ملاکنڈ ڈویژن بلکہ قبائلی اضلاع سمیت پورے صوبے کی پائیدار بنیادوں پر ترقی اُن کی دلی خواہش اور اُن کی حکومت کی ترجیحات کا ایک اہم جز ہے جس کیلئے موجودہ صوبائی حکومت قلیل المدتی اور طویل المدتی پلانز کے تحت اقدامات اُٹھارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بدقسمتی سے گزشتہ ادوار میں کسی نے بھی صوبے کے مستقبل کی ضروریات کیلئے کو ئی منصوبہ بندی نہیں کی اور سابق وزرائے اعلیٰ نے صرف اپنے حلقوں پر توجہ دی لیکن وہ واحد وزیراعلیٰ ہیں جو صوبے کی تمام ضلعوںکی یکساں بنیادوں پر ترقی پر نہ صرف یقین رکھتے ہیں بلکہ اس مقصد کے لئے عملی اقدامات بھی اُٹھار ہے ہیں کیونکہ وہ بحیثیت وزیراعلیٰ صرف سوات، ملاکنڈ کو ہی نہیں بلکہ پورے صوبے کو اپنا حلقہ سمجھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سلطان خیل اور پائندہ خیل ضلع اپر دیر کے ایک گرینڈ جرگے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں اُن سے ملاقات کی اور علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا ۔ دیر اپر سے منتخب رکن قومی اسمبلی صبغت اﷲ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سلطان خیل، پائندہ خیل کے عمائدین پر مشتمل وفد نے علاقے کے دیرینہ عوامی مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کرتے ہوئے اُن مسائل کو پائیدار بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ تمام سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر علاقے کے عوام کے اجتماعی مفاد میں ملاقات کیلئے تشریف لانے پر عمائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ چونکہ ضلع دیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری ہو چکا ہے اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ انتخابی قواعد وضوابط کی پاسداری کرتے ہوئے وہ اس وقت علاقے کیلئے کسی ترقیاتی منصوبے کا اعلان نہیں کر سکتے ہیںلیکن دیر اپر اور دیر لوئر کی ترقی اور وہاں کے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی جاچکی ہے اور بلدیاتی انتخابات کے بعد وہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ دیر کا دورہ کریں گے اور علاقے کیلئے ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا اعلان کریں گے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دیر اُن کا دوسرا گھر ہے اور وہ علاقے کے عوامی مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں اور اُن مسائل کے حل کیلئے نظر آنے والے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ ضلع اپر دیر میں صحت، تعلیم، مواصلات اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں اس وقت بھی اربوں روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ، جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اور آنے والے دنوں میں علاقے میں مزید ترقیاتی کام شروع کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ دیر، چترال اور باجوڑکیلئے اہم منصوبے دیر موٹروے کے پہلے مرحلے کی تعمیر کیلئے اشتہار جاری کردیا گیا ہے ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو جائے گااور اگلے مرحلوں میں اس موٹروے کو دیر اپر اور چترال تک توسیع دی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دہشت گردی کے دوران دیر کے عوام نے جس طرح سوات کے عوام کا ساتھ دیا ہے اس کیلئے وہ دیر کے عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن کو دو حصوں میں تقسیم کرنا دیر اور چترال کے عوام کا دیرینہ مطالبہ اور وقت کی اہم ضرورت ہے جس پر صوبائی حکومت پہلے ہی سوچ بیچار کر رہی ہے اور عوامی خواہشات و ضروریات کے پیش نظر صحیح وقت پر ملاکنڈ کو دو ڈویژن میں تقسیم کیا جائے گا جس کے نتیجے میںعلاقے میں سرکاری محکموں کی سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی اور لوگوں کے مسائل مقامی سطح پرحل ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ عمران خان وہ واحد لیڈر ہے جوانتخابات کا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کا سوچ رہے ہیں اور موجودہ صوبائی حکومت پارٹی قائد عمران خان کے وژن کے مطابق تمام سیاسی وابستگیوںسے بالا تر ہو کر صوبے کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اُٹھارہی ہے ۔ صوبائی حکومت نے صوبے کے تمام ریجنزکی مخصوص استعداد کے مطابق ترقیاتی منصوبہ بندی ترتیب دی ہے ۔جنوبی اضلاع میں زراعت، ہزارہ اورملاکنڈ میں سیاحت اور باغبانی ، وسطی اضلاع میں صنعتوں جبکہ قبائلی اضلاع میں معدنیات کے شعبے کوترقی دے کر لوگوں کوروزگارکے مواقع فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں جبکہ ماضی میں اس طرح کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں