524

چترال کا رابطہ شندور پاس کے ذریعے صوبہ گلگت بلتستان کے ساتھ بحال

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال نیوز)بدھ کے روز چترال کا رابطہ شندور پاس کے ذریعے صوبہ گلگت بلتستان کے ساتھ بحال ہوگیا جوکہ شندور ٹاپ میں برف کی وجہ سے گزشتہ چار مہینوں سے منقطع ہوگئی تھی۔ سی اینڈ ڈبلیو ڈویژن چترال کے ایگزیکٹیو انجینئر مقبول اعظم نے میڈیا کو بتایاکہ اپر لاسپور سے شندور ٹاپ تک سڑک سے پڑی ہوئی برف اور متعدد مقامات پر برفانی تودے اور دوسرے رکاوٹیں ہٹانے کے بعد سڑک کو بھاری اور ہلکی دونوں قسم کی گاڑیوں کے لئے کھول دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال موسم کے دوران شندور ٹاپ پر ذیادہ مقدار میں برف پڑگئی تھی جبکہ موسم بہار کے آغاز سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی وجہ سے اس اہم اور حساس نوعیت کی سڑک کو کھولنے میں دشوار ی پیش آرہی تھی لیکن محکمہ کے اہلکار دن رات کی محنت سے اسے کھولنے میں کامیاب ہوگئے۔درین اثناء پی۔ کے 90-چترال ٹو(سب ڈویژن مستوج) سے صوبائی اسمبلی کے رکن سید سردار حسین شاہ نے شندور ٹاپ روڈ کو کھولنے پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ چترال کی ایک بڑی کمیونٹی گلگت بلتستان میں پھنس گئی تھی جوکہ محنت مزدوری کے بعد چترال آنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ چند دنوں بعد مستوج اور گلگت کے درمیان چلنے والی ناردرن ایریا ٹرانسپورٹ کمپنی (نیٹکو) کی بس سروس بھی شروع ہوجائے گی۔ اُدھر کالاش وادی بمبوریت روڈ بھی بدھ کے روز ہرقسم کی ٹریفک کے لئے تیسری مرتبہ کھول دی گئی جبکہ اس سے قبل بھی دو مرتبہ بند ہونے پر کھول دیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں