296

موڑکہو کے دیہات سہت بالا ، سہت پائیں اور سیر گاؤں کے لوگ محفوظ مقامات کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) موڑکہو کے دیہات سہت بالا ، سہت پائیں اور سیر گاؤں کے لوگ محفوظ مقامات کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ جبکہ 80گھرانے حالیہ دنوں میں سیلاب کی وجہ سے جانی خطرے کے پیش نظر رشتہ داروں اور محفوظ مقامات میں خیموں میں پناہ لئے ہوئے ہیں ۔اور انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں ۔ سہت کے وی سی نائب ناظم محبوب الرحمان نے ایکسپریس سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا ۔ کہ سہت کا پورا علاقہ امسال مارچ سے ہی سیلاب کی زد میں ہے ،گاؤں کی سڑکیں ،نہریں سیلاب کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں ۔ اور آبنوشی سکیمیں درہم برہم ہو چکی ہیں،80گھرانے اپنے گھر چھوڑ کر گاؤں سے باہر منتقل ہوچکے ہیں ۔ جبکہ گاؤں کے دیگر گھروں کو بھی سیلاب کا شدید خطرہ ہے ۔ سڑکیں اور پل ختم ہونے کی وجہ سے بچوں کو سکول جانے اور مریضوں کو ہسپتالوں تک پہنچنے میں انتہائی مصائب وتکالیف کا سامنا ہے ۔ اکثر بچے سکول سے محروم رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا ، کہ سیلاب نے فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے ۔ محبوب الرحمان نے کہا ۔ مذکورہ گاؤں گذشتہ سال بھی شدید سیلا ب کی وجہ سے بُری طرح متاثر ہو ا ۔ اور دس قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں ۔ اس سال گذشتہ کی نسبت زیادہ خطرات درپیش ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ۔ کہ اس علاقے کی حالت پر رحم کیا جائے ۔ سڑکیں ، آبپاشی نہریں اور آبنوشی سکیمیں بحال کی جائیں اور خطرات سے دوچار خاندانوں کو محفوظ مقامات میں منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کی مدد کی جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں