223

دنیا کی قدیم تہذیب و ثقافت کی حامل مشہور سیاحتی کالاش وادی بمبوریت میں 3سے 5 فروری کےدوران پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے سہ روزہ کالاش سنو سپورٹس فیسٹول کی تیاریاں زورو شور سےجاری

چترال ( محکم الدین ) دنیا کی قدیم تہذیب و ثقافت کی حامل مشہور سیاحتی کالاش وادی بمبوریت میں 3سے 5 فروری کےدوران پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے سہ روزہ کالاش سنو سپورٹس فیسٹول کی تیاریاں زورو شور سےجاری ہیں ۔ جس میں برف پر کھیلے جانے والےکھیل اسکنگ ، سنو بورڈنگ کے علاوہ مقامی روایتی کھیل ہیم غال( سنو گالف ) تیر اندازی، تاکا جوک ، انڈور گیم کیچے کے مقابلے ہوں گے ۔ جبکہ ویلی کےکلچرل شو منعقد ہوں گے ۔ یہ فیسٹول ضلعی انتظامیہ لوئر چترال اور ہندوکش سنو سپورٹس کلب کے اشتراک اور آغاخان رورل سپورٹ پروگرام و ایس آر ایس کے تعاون سے سپورٹس اینڈ ٹورزم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کے زیر نگرانی انجام پارہے ہیں ۔ فیسٹول میں دلچسپی لینے والے ملکی و غیر ملکی سیاح ، کھلاڑی اور شائقین شرکت کر رہے ہیں ۔ اور ابھی سے وادی بمبوریت کے ہوٹلوں میں سیاحوں کی بکنگ اور آمد جاری ہے۔ ہوٹل ایسوی ایشن چترال اس فیسٹول کو کامیاب بنانے اور سیاحوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئےرضاکارانہ طور 60 فیصد ڈسکاونٹ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ اسی طرح فیسٹول کے مقام پر ہیلتھ ک سہولیات اور ریسکیو کی خدمات لوگوں کو حاصل ہوں گے ۔ ہفتے کے روز ٹی ایم اے ریسٹ ہاوس بمبوریت میں فیسٹول کے انتظامات کو آخری شکل دینے کے سلسلے میں ایک غیرمعمولی اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں فیسٹول کے آرگنائزرز ، ویلج کونسل بمبوریت کے جملہ ممبران ، مسلم و کالاش کمیونٹی کے سٹیک ہولڈرز ، ہوٹل ایسو سی ایشن بمبوریت ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران اور ینگ سٹار کے عہدہ داروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیسٹول کو کامیاب بنانے کیلئےجملہ امور زیر بحث آئے ۔ اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔ اور اس عزم کا اظہار کیا گیا ۔کہ فیسٹول کو بھر پور طریقے سے منا کر کامیاب کیا جائے گا ۔ فیسٹول کے دوران کالاش و شیخان ٹریڈیشنل ہنڈی کرافٹس کے اسٹال لگائےجائیں گے ۔ اور قدیم روایتی کھیلوں کو بھی ونٹر سپورٹس کا حصہ بنایا جائے گا ۔ اجلاس میں تمام سیا حوں سے فیسٹول میں ہوٹل ایسو سی ایشن کی طرف سے دی گئی رعایتوں سے فائدہ لینے اور وادی کے قدرتی نظاروں اور کلچر سے لطف اندوز ہونے کیلئے شرکت کرنے کی اپیل کی گئی ۔ واضح رہے۔ کہ کالاش وادیوں میں صدیوں سے قدیم کھیلو ں کے مقابلے ہر سال کئی دنوں تک جاری رہتے ہیں ۔ جبکہ برف پر اسکینگ اور سنوبورڈنگ کے مقابلے پہلی مرتبہ منعقد کئے جارہے ہیں ۔ کالاش سنو سپورٹس فیسٹول کے انعقاد کا مقصد سر مائی سیاحت کو فروغ دے کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنےہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں