187

افغان ٹی وی کے زیر اہتمام ایوارڈ شو کی تقریب، کھیلوں کے شعبے میں کمال عبدالجمیل کو ایوارڈ دیا گیا

چترال فٹ بال لیگ کے چیف آرگنائزر کمال عبدالجمیل کو افغان ٹی وی کی طرف سے ایوارڈ سے نوازا گیا
پشاور(نامہ نگار) چترال فٹ بال لیگ کے چیف آرگنائزر کمال عبدالجمیل کو افغان ٹی وی نیٹ ورک کی طرف سے سال 2022کے لیے کھیلوں کے شعبے میں گرانقدر خدمات سرانجام دینے پر ایوارڈ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف انفوٹینمنٹ چینل افغان ٹی وی کے زیراہتمام ایوارڈ دینے کی سالانہ تقریب گذشتہ دنوں پشاور میں منعقد ہوئی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی افغان ٹی وی کے زیر اہتمام سال 2022کے لئے ایوارڈ دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سال 2022کے دوران مختلف شعبوں میں گرانقدر خدمات سرانجام دینے والے افراد کو ایوارڈ سے نواز گیا۔ افغان ٹی وی کی طرف سے ادب، تعلیم، صحت، صحافت، سماجی خدمات، کھیل، ڈرامہ، گلوکاری اور ایکٹنگ کے شعبوں میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایوارڈ ز دئیے گئے۔
کھیلوں کے شعبے میں گرانقدر خدمات سرانجام دینے پر چترال فٹ بال لیگ کے چیف آرگنائزر کمال عبدالجمیل کو ایوارڈ دیا گیا جبکہ کھیلوں کے شعبے میں ایک اور ایوارڈ لوئر دیر سے تعلق رکھنے والی خاتون اسکواش پلیئر نورینہ شمس کو ایوارڈ دیا گیا۔ ملک کے نامور ادیب، شاعر اور کالم نگار ناصر علی سید نے ایوارڈ تقریب میں کمال عبدالجمیل کو ایوارڈ سے نوازا۔
ایوارڈ ز کے لئے مختلف افراد کی نامزدگیاں ہوئی تھیں اور ایک کمیٹی نے ایوارڈ کیلئے حتمی معاشرے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے نام فائنل کر دیا۔ ادب کے شعبے میں 20افراد، صحافت کے شعبے میں 5شخصیات، صحت کے شعبے میں 3شخصیات،تعلیم کے شعبے میں 5شخصیات،گلوکاری کے شعبے میں 5افراد، سماجی خدمات کے شعبے میں 5اداروں اور 3شخصیات اورکھیلوں کے شعبوں میں دوشخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اسکے علاوہ متعدد شخصیات میں تعریفی اسناد تقسیم کئے گئے۔ ایوارڈ اور تعریفی اسناد حاصل کرنے والوں میں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں