276

نوجوانوں کے لئے سول ڈیفنس کی تربیت اشد ضروری ہے تاکہ وہ تعلیمی اداروں،گھروں میں فوری امداد کرکے انسانی زندگیوں کوبچاسکیں/اے سی چترال عاطف جالب/اسماعیل جان

چترال(ڈیلی چترال نیوز)ملک کے دیگر حصوں کی طرح چترال میں بھی شہری دفاع کا عالمی دن منایا گیا ۔اس سلسلے میں ٹاون ہال لوئرچترال میں محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے ایک پررونق تقریب کا انعقاد کیاگیا۔تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر لوئرچترال محمدعاطف جالب ،صدرمحفل الجاج عیدالحسین ،سول ڈیفنس آفیسرلوئرچترال اسماعیل جان، ڈسٹرکٹ یوتھ افیسر فرہاد اللہ،چیف وارڈن سول ڈیفنس چترال محمدفاروق اقبال اوردوسرں نے کہاکہ اس دن کے منانے کا مقصدعوام کو قدرتی آفات،حادثات،ناگہانی واقعات،سیلاب،آگ لگنے اورزلزلوں سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امدادکی فراہمی جیسی سرگرمیوں کے متعلق شعور پیدا کرنا اور خدمات انجام دینے والے افراد کی کاوشوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر لوئرچترال محمدعاطف جالب نے نوجوانوں پرزوردیتے ہوئے کہاکہ شہری دفاع میں زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنا کر ممکنہ حادثات کے نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔نوجوانوں کے لئے سول ڈیفنس کی تربیت اشد ضروری ہے تاکہ وہ تعلیمی اداروں،گھروں میں فوری امداد کرکے انسانی زندگیوں کوبچاسکیں۔انہوں نے کہاکہ ہر سال یکم مارچ کو انٹرنیشنل سول ڈیفنس ڈے منایا جاتا ہے۔ اس دن منانے کا مقصد حقیقت میں اس بات کا اعادہ ہے کہ انسانیت کی خدمت اور محبت کا جذبہ ابھی مرا نہیں بلکہ کچھ لوگوں کے دلوں میں یہ پروان چڑھا ہے۔ سول ڈیفنس کے اہلکار اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ وہ شاید اپنے ایک چھوٹے عمل سے اللہ کی اگر خوشنودی حاصل کریں تو ان کیلئے یہ بڑی سعادت ہو گی۔ دنیا کے اندر قدرتی آفات، مصنوعی آفات اور بحرانوں سے نمٹنے کا فن تو کسی کے پاس نہیں مگر تجربات اور ماضی کے حوادث کی روشنی میں منصوبہ بندی تو ضروری ہے۔نوجوان کسی بھی اندرونی بیرونی ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیاررہیں تاکہ وہ ملکی دفاع میں اپناکردار ادا کرسکیں۔انہوں مزیدکہاکہ سول ڈیفنس کے اہلکار قومی جذبے سے سرشار رہتے ہیں اور کوئی بھی ایونٹ ہو، سول ڈیفنس کے رضاکار نہایت ایمانداری سے ڈیوٹیاں سر انجام دیتے ہیں۔چیف وارڈن فاروق اقبال نے کہاکہ ہمارے ٹیم بغیر کسی تنخواہ یا مراعات کے مفت میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں تاہم ہمارے رضاکاروں کو بعض اوقات نہایت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔کیونکہ ان کے پاس نہ تو گاڑی ہے نہ کوئی فنڈ۔ انہوں نے حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ شہری دفاع کو مزید فعال بنانے کیلئے اس کیلئے فنڈ محتص کریں تاکہ اس کے رضاکار ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے کسی کا محتاج نہ ہو۔ تقریب میں انسٹرکٹرسول ڈیفنس اعتزاذاحمد،آفیشل سٹاف خالدمختیار،ڈیوژنل وارڈن منیراحمد،اشرف حسین ،جمشیداحمد،محمدعبداللہ،رفیع اللہ،شعیب احمد،سراج احمد،محمداللہ،ایازاحمدتنویراحمد دوسرے ضاکاروں ،سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت شہریوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔تقریب کے آخرمیں اسسٹنٹ کمشنر لوئرچترا ل نے شہری دفاع کے رضاکاروں کو اعزازی سرٹیفکیٹ اورشیلڈزسے نوازاگیا۔اورسول ڈیفنس چترال کی طرف سے اے سی چترال محمدعاطف جالب کوخصوصی شیلڈپیش کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں