Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

 افغانستان اور پاکستان کے مابین باہمی اعتماد کے فضا کی بحالی اور امن کے قیام کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔سکندر حیات خان شیر پاؤ

پشاور(نامہ نگار)سینئر صوبائی وزیر اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی صدرسکندر حیات شیر پاؤ نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لئے افغانستان اور پاکستان کے مابین باہمی اعتماد کے فضا کی بحالی اور امن کے قیام کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔اعتماد سازی کا عمل آگے بڑھے گا تو طور خم بارڈر کی حالیہ بندش جیسے واقعات کا اعادہ نہیں ہو گا ۔انہوں نے اپنی جماعت کے موقف کو دہراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملک میں مردم شماری جلد از جلد کرائی جائے۔ وہ تخت بھائی پریس کلب میں نیبر ہوڈ کونسل دامن کوہ ون کے ناظم اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شیر زمین خان کی ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر پارٹی کے رہنما ظہور خان ،سعداللہ خان مہمند،عبدالخالق تاوانی،شاہد انور اور دیگر بھی موجود تھے۔سکندر حیات شیر پاؤ نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا محورپختون قوم کی ترقی اورخوشحالی ہے اور اس مقصد کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے صوبائی سطح پر بلائی گئی اے پی سی میں وفاق سے فوری طور پر مردم شماری کرانے کا مطالبہ کیا تھا کیونکہ مردم شماری میں تاخیر سے چھوٹے صوبے کی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق بجلی کے خالص منافع اور دیگر مدات میں صوبے کا جائز حق دے ۔سکندر شیر پاؤ نے تحت بھائی فلائی اوور کی تعمیر میں غیر ضروری تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں ہماری این ایچ اے حکام سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے یقین دہائی کرائی ہے کہ یہ منصوبہ جلد مکمل کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ورکنگ فوکس سکولوں میں اساتذہ کی تنخواہوں اور طالب علموں کے وظائف کا مسئلہ بھی جلد حل کیا جائیگا۔پانامہ لیکس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر اس کے لئے ٹی او آرزبنا کر تحقیقات کے عمل کو آگے بڑھائے تاہم تحقیقات سے پہلے کسی کومورد الزام ٹھہرانا قریں انصاف نہیں ۔سکندر حیات شیرپاؤ نے پارٹی میں شمولیت پر ناظم شیر زمین خان اور انکے ساتھیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ انکی شمولیت سے پارٹی مضبوط ہوگی ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button