261

چترال میں سیاحت کو ترقی دینے کے سلسلے میں سی ٹی اے اور اے کے ایف ٹورزم کنسلٹنٹ کا غیر معمولی اجلاس

چترال ( محکم الدین ) چترال ٹورزم ایسوسی ایشن اور اے کے ایف ٹورزم کنسلٹنٹ کا ایک غیرمعمولی کنسلٹیٹیو اجلاس اے کے آر ایس پی آفس چترال میں منعد ہوا ۔ جس میں چیرمین چترال ٹورزم ایسوسی ایشن چترال سید حریر شاہ و ممبران نے چترال میں سیاحت کے مواقع ،مقامات ،خدمات اور مہمان نوازی سمیت سیاحت سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔اور سیاحت کے فروغ کیلئے پائیدار و ذمہ دارانہ سیاحت کی منصوبہ بندی سے متعلق تجاویز اور سفارشات پیش کئے گئے ۔ جس میں طویل المدتی و فوری نوعیت کے اقدامات اٹھانے کے سلسلے میں منصوبہ بندی کے حوالے سے گفت و شنید ہوئی ۔ اور اس امر کا اظہارکیا گیا ۔ کہ مقامی معاشی مسائل کے پیش نظر ایسی حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے ۔ جس کے تحت ذمہ دارانہ ،تغیر پذیر ،ماحولیاتی منفی اثرات سے پاک قابل تبدیل سیاحت کے اہداف حاصل کئے جاسکیں ۔ جس کیلئے کمیونٹی سے قریبی رابطہ کاری رکھتے ہوئے انہیں اس امر پر آمادہ کیا جانا شامل ہے ۔ کہ وہ سیاحتی پالیسی اور سٹریٹجی پر عملدرآمد میں تعاون کریں اور سیاحتی منصوبوں کو روبہ عمل کرنے میں مددگار ہوں ۔
سی ٹی اے نے تجویز دی ۔کہ سیاحت کے فروغ کیلئے ماحول پر پڑنے والے منفی اثرات میں کمی لانی ہوگی ۔ ٹھوس کچروں کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگانے ، لینڈ پلاننگ ،سنٹیشن و پانی کیلئے مربوط منصوبہ بندی تیار کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی کمیونٹی اور سیاحوں کو ان پر عملدرآمد کیلئے تیار کرنا پڑے گا ۔ اور پائیدار و مناسب سیاحتی ٹرانسپورٹ کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے ۔ اجلاس میں اس امر کا بھی اظہار کیا گیا ۔ کہ سیاحوں کو ترغیب دی جائے گی ۔ کہ مقامی مصنوعات اور کاروبار کو سپورٹ کریں ،تاکہ مقامی لوگوں کو فوائد مل سکیں ۔
اجلاس میں قدرتی ،تاریخی و ثقافتی وسائل کے تحفظ،ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے ،جنگلی حیات کے ہبیٹاٹ اور مختلف النوع مقامی ہیریٹیج کے تحفظ کے بارے میں تجاویز سامنے آئے ۔
سیاحوں کو علاقائی ثقافت و اقدار کا احترام کرنے سے متعلق تجربات پر مبنی آگہی دینے اور پمفلٹ غیرہ کے ذریعے سیاحوں کو معلومات و رہنمائی فراہم کرنے کے بارے میں بھی تجاویز بھی زیر بحث آئے ۔اور ان تمام اقدامات کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھنےپر بھی بات ہوئی ۔ اور اس توقع کا اظہار کیا گیا۔ کہ متذکرہ تجاویز پر عمل کرنے سے پائیدار سیاحت وجود میں آئے گی ۔ اور بہترین ماحول میں سیاحتی صنعت سے چترال اور سیاحتی مقامات کے آمدن میں اضافہ کیا جا سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں