281

وفاقی حکومت کی طرف سے خیبرپختونخوا میں طویل اورغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معنی خیز ہے ۔سکندرحیات خان شیرپاؤ

پشاور(نامہ نگار)سینئر صوبائی وزیربرائے آبپاشی وسماجی بہبودو قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پختونوں کے حقوق پر کوئی سودا بازی نہیں کی جائیگی اور ان کے حقوق و تحفظ کیلئے قومی وطن پارٹی ہر محاذپر آواز اٹھائیگی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے صدر گھڑی کتوزئی روڈ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سکندرشیرپاؤ نے کہا کہ پختونوں کی سماجی و اقتصادی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے اور ان کو ان کا جائز مقام اورحقوق دلانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انھوں نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وفاق پختونوں اور چھوٹے صوبوں کے مسائل و مشکلات حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ چھوٹے صوبے اور پختون احساس کمتری اورمایوسی کا شکار ہیں۔سکندر شیرپاؤ نے صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر ناراضگی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا اپنی ضرورت سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کر رہا ہے لیکن اس کے باوجود صوبے میں لوڈ شیڈنگ معنی خیز ہے۔انھوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی معطل ہوکررہ گیا ہے لہٰذا صوبہ میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کرکے یہاں کے عوام کو بھر پور ریلیف دیا جائے ۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے اہداف صوبہ کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اور پختونوں کی خوشحالی ہے اور اس ضمن میں دستیاب وسائل کوبروئے کار لاکر ان کی پسماندگی کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔پختونوں کو جاری بحرانوں سے نکالنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پختونوں کو ترقی یافتہ اقوام کی صفوں میں برابر کھڑا کرکے انھیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور ان کے حقوق و تحفظ اور بہتر مستقبل کے لئے ہر فورم پر جدوجہد کی جارہی ہے ۔اس موقع پر تحصیل ناظم ظفر علی خان اور جاوید خان کتوزئی کے علاوہ پارٹی کے دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

 
 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں