سابق وائس چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر اقبال کی کوارڈینیٹر ایف پی سی سی آئی سے ملاقات، صوبے میں معاشی ترقی کے لئے یونیورسٹیوں کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال

پشاور (نامہ نگار )وفاقی اردو یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال نے گزشتہ روز کوارڈینیٹر ایف پی سی سی آئی خیبر پختونخوا سرتاج احمد خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، ملاقات میں خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان اور چترال چیمبر آف کامرس کے صدر صدر قزافی بھی موجود تھے۔اس بیٹھک میں کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی میں جامعات کے کردار پرسیر حاصل تبادلی خیال کیا گیا۔ کواردینیٹر ایف پی سی سی آئی سرتاج احمد خان نے ڈاکٹر ظفر اقبال کا شکریہ ادا کیا اور ایف پی سی سی آئی خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبے میں بزنس ایکٹویٹی کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے کی معاشی ترقی میں جامعات کا کلیدی کردار ہوتا ہے مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا کے جامعات نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم دینے کے بجائے پرانے طریقہ تدریس سے منسلک ہیں جس کی وجہ سے ان جامعات کے فارع التحصیل طلبہ و طالبات معیشت کی بہتری میں کوئی کردار ادا نہیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ جامعات کو اپنا نظام تبدیل کر کے انہیں جدید دور کے تقاضوں اور مارکیٹ سے ہم آہنگ کریں۔ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے چترال کی تعمیر و ترقی اور چترال یونیورسٹی کو علاقے کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے حوالے سے اپنے تجربات سامنے رکھے اور خود اعزازی طور پر چترال کے لئے اپنی خدمات پیش کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ پروفیسر ظفر اقبال نے خیبر پختونخوا کی ترقی کے لئے جامعات کے کردار کے حوالے سے بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعات کسی بھی علاقے میں کاروباری مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔