شہید اسامہ وڑائچ کیرئیر اکیڈمی چترال کی آٹھویں یوم تاسیس کے سلسلے میں خصوصی تقریب کا انعقاد

چترال(نامہ نگار)طلباء و طالبات میں تخلیقی اور تحقیقی صلا حیتوں کو اجاگر کرنے اور ٹیکنالوجی کے جدید دور میں سائنسی ایجادات کے ذریعے انسانی زندگی میں اسانیان پیدا کرنے اور نام کمانے کا شوق پیدا کرنے کے حوالے سے گورنمنٹ سنٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال میں شہید اسامہ وڑائچ اکیڈمی کے زیر اہتمام سائنس اینڈ آرٹ ایگزبیشن کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں چترال کے مختلف سکولوں کے طلباء طالبات نے حصہ لیا ۔ ایگزبیشن میں طلبا ء طالبات نے اپنے تیار کردہ مختلف ماڈلز کے ذریعے اپنے تخلیقی پراجیکٹس کو پیش کیا ۔ اور اس حوالے سے نمائش دیکھنے والوں اور میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ ایگزبیشن میں زرعی ییداوار کو بڑھانے کیلئے آسان طریقے سے نیچرل کھاد کی تیاری ،لیزر ٹیکنالوجی کے ذریعے مالی اداروں کو بہتر سیکیورٹی کی فراہمی ، ارتھ کوئیک ڈیٹیکٹر کے ذریعے زلزلے سے چند لمحے قبل زندگی محفوظ بنانے کے لئے الارم سے آگہی ،آلودہ پانی کو صاف کرکے قابل استعما ل بنانے ، سولر اور ونڈ انرجی میں جدیدیت پیدا کرکے قابل برداشت بجلی کی سلائی کے ماڈلز پیش کئے گئے تھے ۔ جن کی کارکردگی کا عملی مظاہرہ کیا گیا ۔ ان کے علاوہ قدیم کلچرل نوادرات کے تحفظ ،گرین ٹیکنالوجی ،اینوائرنمنٹ کے تحفظ ،میڈیسنل پلانٹس سے مختلف ادویات کی تیاری ،ہربل شیمپو وغیرہ بنانے کے اسان طریقے ،کلچرل لباس خصوصا کھو اور کالاش ہنڈی کرافٹس کے فروغ اور آرٹ کے طلباء و طالبات کے ہاتھوں سے بنے ہوئے فن پارے بھی نمائش میں رکھے گئے تھے ۔ جو کہ انتہائی محنت سے تیار کئے گئے تھے ۔ طلباء کے مابین یہ ایک مقابلہ تھا ۔ جس میں جیوری کے فیصلے کے مطابق بعد آزان سائنس اور آرٹ کے کامیاب طلبہ میں ڈپٹی کمشنر چترال محمد علی اور ڈی پی او چترال اکرام اللہ نے انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر طالبات نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایگزبیشن کو طلبہ کے مابین تبادلہ خیال کرکے نالج شئیرنگ اور تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کیلئے انتہائی ضروری قرار دیا ۔ اور اس قسم کے ایگزبیشن آیندہ بھی منعقد کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔ نمائش میں پبلک سکول اور گورنمنٹ سکولوں کے میل فمیل طلبہ نے حصہ لیا ۔







