Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

صوبائی حکومت ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس لاگو نہیں ہونے دے گی

 پشاور(نامہ نگار)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس لاگو نہیں ہونے دے گی اور اس سلسلے میں ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کا بھر پور ساتھ دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے بدھ کے روز ملاکنڈ ڈویژن میں وفاقی حکومت کی طرف سے ٹیکسوں کے نفاذ کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اپیکس کمیٹی میں ملاکنڈ ڈویژن میں سمگل شدہ اور چوری کی گاڑیوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کا مشورہ دیا لیکن وفاقی حکومت نے اس کے بجائے وہاں پر ٹیکس لگادیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں وفاق سے رابطہ کیا ہے کہ وہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کے ساتھ معاہدے کے تحت وہ اس علاقے میں ٹیکسوں کے نفاذ کے مجاز نہیں انہوں نے کہاکہ حال ہی میں صوبائی حکومت نے وفاقی وزیرخزانہ کو بھی اس سلسلے میں ایک مراسلہ بھیجا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ایوان کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے ملاکنڈ ڈویژن میں غیرقانونی گاڑیوں کی روک تھام کیلئے علاقے میں ٹیکس فری گاڑیوں کی درآمد کی تجویز دی ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس لگانے کے حق میں نہیں اور اس کے خلاف ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کے ساتھ ہے انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس لگانے نہیں دے گی ۔وزیراعلیٰ نے ایوان سے کہاکہ منتخب نمائندوں کو تحمل اوربرداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیئے اور ایک دوسرے کو برداشت کرنا چاہیئے انہوں نے کہاکہ اسمبلی کے وقار کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیئے اور عزت و قار کا رویہ اپنانا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے ایوان کو یقین دلایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے بارے میں وہ اراکین سے ملیں گے اور صوبے کی ضروریات کو پورا کریں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button