چترال کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت شریف حسین پاکستان زندہ باد مومنٹ چترال کا چیرمین مقرر

چترال (نامہ نگا) چترال کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت اور پی پی پی لویر چترال کی سینئر نائب صدر اور اپنی بے لوث اور انتھک عوامی خدمات کی بنیاد پرخادم کوہ کا لقب پانے والے شریف حسین کو پاکستان زندہ باد مومنٹ چترال کا چیرمین مقررکردیا گیا ہے جس پر سیاسی اور دیگر وابستگیوں سے قطع نظر تمام حلقوں نے ان کی تقرری کا بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا ہے۔ پاکستان زندہ باد مومنٹ کے مرکزی چیرمین پرویز شاکر نے شریف حسین کی بطور چیرمین لویر چترال تقرری کا نوٹیفکیشن باقاعدہ طور پر جاری کردیا ہے جس پر عوامی حلقوں نے ان کے انتخاب پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف حسین مثبت سوچ رکھنے والے ایک سیاسی کارکن رہے ہیں جس نے وطن عزیز پاکستان کی سالمیت اور ملکی استحکام کو ہمیشہ مقدم رکھا اور علاقہ کوہ میں غریبوں کے لئے آواز بلند کرنے اور ضرورت مندوں کے کام آنے میں کبھی ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا اور اپنی خداداد صلاحیتوں کی بنا پر ایک مقبول عام بن کر سامنے آئے ہیں۔ عوامی حلقوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ شریف حسین پاکستان کی سالمیت، استحکام پاکستان، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ملک کو کرپشن سے پاک کرنے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ شریف حسین کا تعلق یونین کونسل کوہ کے خوبصورت اورمردم خیز گاؤں کوغوزی سے ہے جس کی سیاسی اور سماجی جدوجہدکا دورانیہ نصف صدی پر محیط ہے جس کے دوران انہوں نے انتہائی ثابت قدمی سے غریبوں کے حقوق کا چیمپئین بن کر سختیاں بھی جھلتا رہا ہے اور ان کی ان عظیم خدمات کی بنا پر پی پی پی کے مرکزی چیرمین بلاول بھٹوزرداری نے انہیں سینئر نائب صدر کی اہم ذمہ داری بھی تفویض کی تھی۔ دریں اثناء پاکستان زندہ مومنٹ کا ضلعی چیرمین تقرری کے بعد مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شریف حسین نے کہاکہ اس وقت ملک کو جس کی سب سے ذیادہ ضرورت ہے، وہ آپس میں اتحادواتفاق اور ہرقسم کی تعصبات سے پاک ایک فلاحی معاشرے کا قیام اور وطن عزیز اور اس کے اداروں کے خلاف زہر افشانی کرکے دشمن کے ایجنڈا پورا کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دینا ہے۔ شریف حسین نے ضلعی چیرمین شپ کے لئے چن لئے جانے پر پاکستان زندہ باد مومنٹ کی مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ان کے توقعات پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش وسعی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ عنقریب ضلعے کی تفٖصیلی دورے پر جانے سے ضلعی کابینہ کو مکمل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ مومنٹ کی طرف سے محبت اور آشتی کا پیغام لے کر ہر گھر کی دہلیز پر حاضر ہونے کا اعلان کیا۔