بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف دروش میں احتجاجی تحریک ؛ دروش ایکشن فورم کی طرف سے دھرنا شروع

چترال (نامہ نگار)ضلع چترال میں بالعموم اور تحصیل دروش میں بالخصوص بجلی کی ناروا اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف عوامی احتجاج شروع ہو گیا ہے اور دروش ایکشن فورم کے پلیٹ فارم تلے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع چترال بالخصوص دروش میں طویل اور ناروا لوڈ شیڈنگ سے تنگ آکر بالآخر عوامی تحریک کا آغاز کردیا گیا ہے ، دروش ایکشن فورم کے زیر اہتمام شروع کئے گئے اس تحریک میں تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کےنمائندے شامل ہیں ۔ اس سلسلے میں عوامی تحریک نے پیر کے دن باقاعدہ طور پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دروش چوک میں دھرنے کا آغاز کردیا ہے۔ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے واپڈا اور پیسکو کی طرف سے چترال میں لوڈ شیڈنگ کو مسترد کرتے ہوئے اسے من مانی اقدام قراردیا اور کہا کہ پیسکو یا واپڈا حکام خوامخواہ عوام میں اشتعال پھیلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں پیدا ہونے والی بجلی سے 35 میگاواٹ چترال کے لئے مختص ہے، جسکا اعلان سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کیا تھا ، اس وقت چترال میں وافر مقدار میں بجلی دستیاب ہونے کے باوجود واپڈا کی طرف سے ناروا لوڈ شیڈنگ افسوسناک ہے اور اسے مزید برداشت نہیں کیا جائےگا۔ مقررین نے واپڈا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بقایاجات کا بہانا بنایا جا رہا ہے جو کہ حقائق کے بر خلاف ہے، اگر کوئی بقایاجات ہیں تو وہ بھی ادارے کی نااہلی ہے، میٹر ریڈنگ کے تحت لوگوں کو بل بھیجنے کے بجائے خودساختہ بل بھیجے جاتے ہیں۔ مقررین نے واضح کیا کہ چترال میں زیرو لوڈ شیڈنگ ہوگی اور ہمارا احتجاج بھی اسی لئے ہے ، اس سے کم کسی بھی بات کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ مقررین نے واپڈا کے ایس ڈی او چترال کو بھی تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ تین دن تک پر امن دھرنا دیا جائے گا اور مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی تحریک کو مزید سخت کیا جائے گا۔
احتجاجی مظاہرے سے تحریک انصاف کے سنیئر راہنما ارشاد مکرر، تحصیل چئیرمین سید فرید جان، وی سی چئیرمین عمران الملک، قاری نظام ودیگر نے خطاب کیا۔
دروش ایکشن فورم کی طرف سے بجلی کے مسئلے کے لئے پاور کمیٹی تشکیل دیکر تحریک انصاف کے سینئر راہنما ارشاد مکرر کو اس کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔