پاکستان انقلاب موومنٹ شعبہ خواتین کی عہدے داروں نے حلف اٹھا لیا،سماجی و سیاسی شخصیت چوہدری خورشید احمد کی اہلیہ نے عہدے داروں اور کونسل ممبران سے حلف لیا
اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان انقلاب موومنٹ شعبہ خواتین کی کابینہ اور مشاورتی کونسل کی تقریب حلف برداری علی پور اسلام آبادمیں منعقد ہوئی.ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت چودری خورشید احمد کی اہلیہ نے عہدے داروں اور کونسل ممبران سے حلف لیا . تقریب حلف برداری میں تمام کابینہ اراکین اور کونسل ممبران کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب میں خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے مسز خورشید احمد نے خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو زبردست الفاظ میں سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ فلاح و بہبود کے امور میں وہ خواتین کے شانہ بشانہ ہوں گی . انہوں نے کہا کہ علی پور میں موجود گلگت بلتستان کی خواتین نہایت ہی شائستہ اور سنجیدہ طبقہ ہے جو فلاح و بہبود کے امور میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیتی ہیں . مسز خورشید احمد نے کہا کہ خواتین کا فلاح و بہبود کے لیے آگے آنا معاشرے کے لیے نیک شگون ہے جسے ہر سطح پر سراہا جانا چاہیے . انہوں نے کہا کہ خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے خواتین سے زیادہ سنجیدہ کام اور کوئی نہیں کر سکتا اس لیے یہ تنظیم خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے جو بھی قدم اٹھائے ہماری حمایت ہر سطح پر اس کے ساتھ ہوگی۔ تقریر کے بعد مرکزی کابینہ کے عہدے داروں چیئرمین ظفر بلتی جنرل سیکرٹری اعجاز حسین صدر موسی بلتی اور ڈپٹی فائننس سیکرٹری صابر حسین اخونزادہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے . مرکزی عہدے داروں نے شعبہ خواتین کی عہدہ داروں اور مشاورتی کونسل کے ممبران کو حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ خواتین خواتین ہی کی فلاح و بہبود کے امور میں دلچسپی لے کر کام کریں گی۔ چیئرمین اور جنرل سیکرٹری نے خواتین سے کہا کہ وہ دل جمعی سے کام کریں اور ان کو فلاح و بہبود کے امور کے لیے جو بھی اخراجات کی ضرورت ہوگی وہ انشاءاللہ مرکزی کابینہ پوری کرے گی۔ خواتین پر زور دیا گیا کہ وہ اس پلیٹ فارم کو مذہبی یا علاقائی چپقلش سے دور رکھیں اور باہمی اتفاق اور اتحاد کے ساتھ علی پور میں بسنے والی بلتی اور گلگتی خواتین کے مسائل کے حل کے لیے اور فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ کی شعبہ خواتین کی تنظیم مکمل طور پر فلاحی ہے اور اسے مذہبی اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا.