چترال کےعوام کو سرکاری گوداموں میں موجود گندم رعایتی قیمت میں دیجائے/قاری جمال عبدالناصر

چترال (چ،پ) جمعیت علمائے اسلام لوئر چترال کے ضلعی سینئر نائب امیر قاری جمال عبدالناصر نےوفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چترال کے سرکاری گودامو ں میں موجود گندم کی قیمت کم کرکے عوام کی دسترس میں لایا جائے۔
اپنے ایک بیان میں قاری جمال عبدالناصر نے کہا کہ اس وقت اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمت کم ہے جبکہ اسکے مقابلے میں سرکاری گندم کی قیمت کافی زیادہ ہے، سرکاری گندم کی صفائی اور پسائی سے 100 کلو گرام آٹے کی قیمت 14 ہزار تک پہنچ جاتی ہے جبکہ اس مقدار میں بازار میں آٹا 3 ہزار روپے تک کے واضح فرق میں دستیاب ہے، یہی وجہ ہے سرکاری گودام میں گندم کی دستیابی کے باوجود عوام گندم نہیں خرید سکتے۔
قاری جمال عبدالناصر نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں خدشہ ہے کہ گوداموں میں موجود گندم اس طرح پڑا رہ کر خراب ہوجائے اور سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے وزیر اعظم پاکستان، صوبائی وزیر اعلیٰ اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ سرکاری گندم پر خصوصی رعایت دی جائے تاکہ غریب عوام گودام سے گندم خرید سکیں اور یوں گندم خراب ہوکر قومی خزانے کو بھاری نقصان سے بچا جا سکے۔