374

پی ڈی ایم اے کی جانب سے مون سون بارشوں سے متعلق تازہ رپورٹ۔چترال کے متاثرہ جان بحق افراد کے لواحقین میں 3،3 لاکھ روپے کے چک تقسیم  

پشاور(نامہ نگار)پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، خیبر پختونخوا نے یکم جولائی تا 10 جولائی مون سون بارشوں سے متاثرہ اضلاع کی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 45 افراد جان بحق اور 25 افراد زخمی ہوئے ۔اسی طرح 20 مکانات مکمل طور پر جبکہ 31 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ پی ڈی ایم اے ترجمان لطیف الرحمان کے مطابق سب سے زیادہ نقصان چترال سے رپورٹ کی گیا جس میں 29 افراد جان بحق،4 زخمی اور 20مکانات مکمل طور پر جبکہ 27 مکانات جزوی طور پر تباہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ سے 7 افراد جان بحق،7 زخمی،مردان سے 4 جان بحق، 6 زخمی، مانسہرہ سے 3 جان بحق، 6 زخمی اور مالاکنڈ اور سوات سے ایک ایک فرد کے جان بحق ہونے کی اطلاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے متاثرہ جان بحق افراد کے لواحقین میں 3،3 لاکھ روپے کے چک تقسیم کر دیئے گئے ہیں جبکہ تمام متاثرہ اضلاع میں مکانات کی تباہی کے سلسلے میں تصدیقی سروے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو تصدیق کے بعد پالیسی کے مطابق معاوضے دیئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے تمام حساس اضلاع کو اضافی خیمے، کمبل، رضائیاں اور کیچن کا سامان وغیرہ بھی فراہم کر دیا گیا ہے جسے ایمرجنسی کی صورت میں متاثرہ عوام میں تقسیم کیا جائیگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ سندھ اور بلوچستان میں داخل ہو چکا ہے اور اسی طرح صوبہ خیبر پختونخوا میں نئے مون سون بارشوں کا سلسلہ14 اور15 جولائی کو داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اضلاع کو حفاظتی اقدامات کے سلسلے میں الرٹ جاری کر دیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں