جماعت اسلامی ضلع لویر چترال نے ہفتہ یکجہتی غزہ منانے کی شیڈول کا اعلان کردیا

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال )جماعت اسلامی ضلع لویر چترال نے ہفتہ یکجہتی غزہ منانے کی شیڈول کا اعلان کردیا جس میں ضلع کے طول وغرض میں بسنے والے تمام مسلمان بہن بھائیوں اور بزرگوں تک فلسطینی نہتے مسلمانوں کے خلاف شرمناک اسرائیلی بربریت کی شرمناک داستان پہنچایا جائے گا۔ اتوار کے روز چترال پریس کلب میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں شجاع الحق بیگ، قاری فدا محمد، پروفیسر حسام الدین، انجینئرفصیح الدین، افتخار الدین ، عرفان عزیز اور یاسر اسد کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لویر چترال وجیہ الدین نے کہاکہ امیر جماعت حافظ نعیم کی ہدایت کے مطابق اس خصوصی مہم کے لئے مختلف پروگرامات ترتیب دئیے گئے ہیں جن میں جلسے، جلوس، یوتھ کنونشن، مزاحمتی شاعری پر مبنی مشاعرہ، علماء کنونشن، طلبہ ریلی اور کنونشن، اگلے جمعہ کے روز ضلعے کے 30قصبات میں بیک وقت جلسوں کا اہتمام، بار ایسوسی ایشن کے ساتھ نشست، چترال شہر میں گرینڈ مارچ اور ہفتے کے آخر میں اسلام آباد میں ملین مارچ کے لئے تیاری شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس دوران تاجر برادری کے لئے خصوصی پروگرام ہوں گے جس میں انہیں اسرائیلی مصنوعات کی بائیکاٹ کے ذریعے اسرائیلیوں کو مالی نقصان پہنچانے کی کوشش کی جائے گی اور عوام پر بھی یہ اس حقیقت کو اشکار کیا جائے گاکہ ان مصنوعات کو چھوڑ کر ہم دشمن کی معیشت پرکتنی مہلک ضرب لگاسکتے ہیں۔ وجیہہ الدین نے کہاکہ 25مارچ کو جنگ بندی ختم کرکے اسرائیل نے اب تک 1563اور مجموعی طور پر 60ہزار فلسطینیوں کو شہید کیا ہے جن میں معصوم بچے بھی شامل ہیں جبکہ لاکھوں زخمی ہوچکے ہیں لیکن عالمی برادری بالعموم اور مسلم امہ بالخصوص مجرمانہ خاموشی کا مرتکب ہے اور ان حالات میں دنیا بھر میں مسلمانوں کی دلوں کی آواز جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے بڑے پیمانے پر بیداری ملت کا سلسلہ شروع کیا ہے اور 20اپریل کو اسلام آباد میں ایک تاریخی ملین مارچ ہوگا جس کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیا جائے گاکہ پاکستان کے عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے ملک کے حکمران طبقہ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ فلسطین پر جراتمندانہ پالیسی اپنانے کی ہمت ان میں نہیں ہے جوکہ امریکہ کے غلام ہیں۔ چترال کے 30قصبات میں انہوں نے عشریت، ارندو، دروش، جنجریت، کسیو، شیشی کوہ، بروز، ایون، بریر، چمرکن، ژوغور، دنین، سنگور، کوغوزی، برنس، مروئے، کالکٹک، پرئیت، گرم چشمہ، چترال شہر کا نام لیا جہاں جمعہ کے روز جلسے ہوں گے۔