Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی محترمہ ثریا بی بی اور ایم این اے عبدالطیف کے نام کھلا خط

محترمہ ثریا بی بی صاحبہ
ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی
ایم پی اے اپر چترال اور جناب عبدالطیف صاحب ممبر نیشنل اسمبلی حلقہ چترال

محترمہ ڈپٹی سپیکر صاحبہ و عبدالطیف صاحب،
اسلام علیکم !

سب سے پہلے آپ دونوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ آپ نہ صرف اپر چترال و لوور چترال کے منتخب نمائندے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ محترمہ ثریا بی بی صاحبہ ایک اعلیٰ آئینی عہدے، ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی، پر فائز بھی ہیں۔ یہ پورے چترال کے لٸے باعثِ فخر ہے کہ ہماری بیٹی اس اہم منصب پر خدمات انجام دے رہی ہے۔

یہ خط آپ دونون منتخب نمائیندون کے توجہ اپر چترال، خصوصاً لاسپور ویلی، میں بونی-شندور روڈ (یا گلگت چترال ایکسپریس وے) کے متاثرین کی زمینوں کی مناسب معاوضے کی طرف مبذول کرانے کے لٸے تحریر کیا جارہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت جو زمینیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے استعمال میں آ رہی ہیں، ان کے مالکان کو آج بھی پرانے، غیرمناسب ریٹس کی بنیاد پر معاوضے دیے جانے کے خدشات ہیں، جو موجودہ مہنگائی کے دور میں نہایت غیر منصفانہ اور ناقابلِ قبول ہیں۔ جس کو علاقے کے لوگ ہرگز قبول نہیں کرینگے۔

محترمہ ایم پی اے صاحبہ و ایم ین اے صاحب، آپ بخوبی جانتے ہیں کہ آج کے دور میں اشیائے خوردونوش جیسی بنیادی چیزیں بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ ایسے میں اگر کسی فرد کی صدیوں پرانی وراثتی زمین متاثر ہوتی ہے اور اس کو بدلے میں ایسا معاوضہ دیا جاتا ہے جو اس کے نقصان کا عشرِ عشیر بھی نہیں، تو یہ اس کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔

ہم یہ بات آپ کے علم میں بھی لانا چاہتے ہیں کہ شندور کے اُس پار غذر کے عوام نے بھی اپنی زمینوں کے لٸے پرانے نرخ تسلیم کرنے سے انکارکے بعد شدید احتجاج کیا تھا، اور ان کے نمائندہ، ایڈوکیٹ نذیر احمد صاحب جو اس وقت سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی ہیں، نے عوامی آواز کو بلند کیا، نتیجتاً پھنڈر تا برست اپر غذر تک کمرشل، رہائشی و بنجر زمینوں کے نرخوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، جسے وہاں کے عوام نے نہایت سراہا۔

ہمیں بھی امید ہے کہ آپ بھی اپنے علاقے کے نمائندہ ہونے کے ناطے، اپر چترال کے عوام کے ساتھ ہونے والی اس ممکنہ ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں گے اور متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے زمینوں کے نرخوں میں منصفانہ اضافہ کروانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔ ہم آپ سے اسی امید اور یقین کے ساتھ رجوع کر رہے ہیں کہ آپ اپنی سرزمین کے ساتھ انصاف کریں گے۔

اللہ آپ کو دونوں کو صحت، ہمت اور توفیق عطا فرمائے تاکہ آپ اپنے عوام کی صحیح معنوں میں ترجمانی کرسکیں۔

با ادب و احترام کیساتھ،
سماجی کارکن امیر نیاب

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button