Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

خیبر پختونخواہ میڈیا مساٸل حل کرنے کے لیے “ال خیبر پختونخواہ نیوز پیپرز سوسائٹی” کے قیام کا اعلان

پشاور (ڈیلی چترال نیوز)خیبر پختونخواہ میں میڈیا کو درپیش بڑھتے ہوئے مسائل اور بحران کے تناظر میں گزشتہ روز صوبے کے معروف اور سینئر میڈیا مدیران کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں میڈیا بحران کی سنگینی، اخبارات کو درپیش مالی، انتظامی و ادارتی مسائل، اور صحافیوں کی روزگار کے مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ خیبر پختونخواہ کے اخبارات اور میڈیا اداروں کو ایک مشترکہ اور مضبوط پلیٹ فارم کی اشد ضرورت ہے تاکہ ان چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔
اسی مقصد کے لیے “ال خیبر پختونخواہ نیوز پیپرز سوسائٹی” کے قیام کا اعلان کیا گیا، جو ایک رجسٹرڈ تنظیم ہے اور آئندہ خیبر پختونخواہ کے میڈیا اداروں اور صحافی برادری کے مسائل کو اعلیٰ سطح پر اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اس اجلاس میں متفقہ طور پر سینئر صحافی اشرف ڈار کو سوسائٹی کا صدر منتخب کیا گیا جبکہ حاجی راحت اللہ خان کو سینئر نائب صدر، عظمت خان داوڑزئی کو جنرل سیکرٹری، جاوید آفریدی کو فنانس سیکرٹری اور ایم ایاز راہی کو پریس سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔
نو منتخب عہدیداران نے حلف اٹھایا کہ وہ خیبر پختونخواہ کے اخبارات کو درپیش مسائل کو صوبائی اور مرکزی سطح پر اجاگر کریں گے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ سوسائٹی کے ارکان جلد مشیر اطلاعات سیکٹری اطلاعات و ڈاٸریکٹرجنرل اطلاعات خیبرپختونخواہ اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ میڈیا بحران کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی جا سکے اور حکومتی سطح پر مثبت اقدامات اٹھانے کی ترغیب دی جا سکے۔
اس موقع پر واضح کیا گیا کہ خیبر پختونخواہ نیوز پیپرز سوسائٹی کسی بھی موجودہ میڈیا تنظیم کے خلاف نہیں ہے، بلکہ اس کا قیام صرف صوبائی میڈیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عمل میں لایا گیا ہے۔ سوسائٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جو بھی مرکزی تنظیمیں خیبر پختونخواہ کے میڈیا کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گی، یہ سوسائٹی ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔
اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخواہ کے کسی بھی صحافی کو بے روزگار نہیں ہونے دیا جائے گا، اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ سوسائٹی نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ اے پی این ایس، سی پی این ای اور پشاور پریس کلب سمیت تمام صحافتی تنظیموں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور مل کر صوبائی اخبارات کے حقوق کے لیے آواز بلند کرے گی۔
جلد ہی صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی تنظیمی ڈھانچے قائم کیے جائیں گے اور ان تمام علاقوں کے صحافیوں کو ساتھ لے کر چلنے کی حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ پورے خیبر پختونخواہ میں صحافتی برادری ایک متحد پلیٹ فارم پر اکھٹی ہو کر اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button