یونیورسٹی آف چترال میں یوم آزادی اور معرکہ حق کی تقریب ہوئی۔

چترال(نامہ نگار) یونیورسٹی آف چترال میں یوم آزادی (14 اگست) اور معرکہ حق انتہائی جوش و خروش اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا۔ دن کی تقریبات کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ کی طرف سے پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا، جس کے بعد یونیورسٹی کے مرکزی لان میں شجرکاری کی گئی۔
مرکزی ہال میں ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر تھے۔ یہ پروگرام یوتھ ایمپاورمنٹ کلب اور چترال سٹوڈنٹس ویلفیئر سوسائٹی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد معرکہ حق پر ایک مختصر دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ طلباء نے تقاریر کیں اور حب الوطنی کے نغمے پیش کئے۔
اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے یوم آزادی کی اہمیت پر زور دیا اور آپریشن بینان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں یعنی اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کریں۔ وائس چانسلر نے طلباء کو نصیحت کیاکہ وہ ملک کی بہتری کے لیے سوشل میڈیا کو ذمہ داری سے استعمال کریں۔





