چترال سکاؤٹس کے آرنری کیپٹن زاہد حسین مدت مکمل ہونے پر ملازمت سے سبکدوش ، 144 ونگ مستوج ہیڈ کوارٹر میں پروقار تقریب کا انعقاد ، تحائف کے انبار ، پھولوں کے گلدستے، مستوج اور ہیڈ کوارٹر چترال میں آفیسرز اور جوانوں نے شاندار طریقے سے رخصت کیا

چترال (محکم الدین ایونی ) چترال سکاؤٹس 144 ونگ کے آرنری کیپٹن زاہد حسین مدت ملازمت پورا ہونے پر اپنی زمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے ۔ ان کےاعزازمیں چترال سکاؤٹس چھاؤنی مستوج میں نہایت پر وقار تقریب منعقد ہوئی ۔ جس میں چترال سکاؤٹس کے ونگ کمانڈر ، آفیسرز ، جے سی اوز، علاقے کے عمائدین اور زاہد حسین کے عزیزو اقارب نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر نے آرنری کیپٹن زاہد حسین کی خدمات پر روشنی ڈالی ۔ اور ان کی کارکردگی کو سراہا ۔ اور کہا ۔ کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ زمہ داریوں کو مقدم رکھا۔ ، اورمضبوط قوت فیصلہ و خوش اخلاقی سے ہرکام نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی ، آرنری کیپٹن زاہد حسین نے اپنے خطاب میں ان کے اعزاز میں آفیسران اور جوانوں کی طرف سے شاندار تقریب منعقد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ اور کہا ۔ کہ سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران اگر کسی کے ساتھ کوئی سختی ہوئی ہو ۔ تو اس کیلئے وہ معذرت خواہ ہیں ۔ یہ اقدامات دراصل فورس کے ڈسپلن کو قائم رکھنے کیلئے بعض اوقات مجبورا کئے جاتے ہیں۔ تاہم انہیں فخر ہے ۔ کہ انہوں نے چترال سکاؤٹس میں بھر پور وقت گزارا ، اور عزت وقار کے ساتھ رخصت ہو رہے ہیں ۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے آرنری کیپٹن کیلئے ضیافت کا اہتمام کیا گیا ، پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔ تحفے تحائف کے انبار لگا دئے گئے ۔ جن میں آفیسرز سے لے کر جوان تک سب کی طرف سے انفرادی اور اجتماعی تحائف شامل تھے ۔ آرنری کیپٹن کی جانب سے ونگ کمانڈر اور دیگر آفیسرز کو چترالی ٹوپی پہنائے گئے ۔ 14 اگست یوم آزادی کے روز انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ مستوج چھاؤنی سے ڈھول کی تھاپ پر رخصت کیا گیا ۔ اسی طرح ہیڈ کوارٹر چترال سکاؤٹس چترال میں بھی انہیں تحائف پیش کئے گئے ۔ اور آفیسرز و جوانوں کے بڑے ہجوم نے انہیں رخصت کیا ۔





