دروش، لوئر چترال یومِ دفاع کی تقریب، سیرت النبی ﷺ اور افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین

یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے 6 ستمبر 2025 کو دروش پبلک اسکول اینڈ کالج لوئر چترال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد علی، اسسٹنٹ کمشنر دروش لوئر چترال تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد پرچم کشائی اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ طلباء و طالبات نے سیرت النبی ﷺ اور پاکستان کی استقامت و ترقی پر پرجوش تقاریر اور مباحثے کیے۔ اس موقع پر مقررین نے سیرت النبی ﷺ سے رہنمائی لیتے ہوئے اتحاد، ایثار اور قربانی کے پیغام کو اجاگر کیا اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
تقریب میں نمایاں شرکاء میں اے اے سی دروش خلیل اللہ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت سکندر خان، قاری جمال عبدالناصر (معروف سماجی، سیاسی و مذہبی رہنما)، مولانا خان شیرین (دینی اسکالر)، الحاج خورشید علی خان (سابق ضلعی ناظم)، امین الرحمن چغتائی (معروف شاعر)، مقامی حکومت کے نمائندے، راحت علی اور بڑی تعداد میں اساتذہ، طلباء اور مقامی کمیونٹی کے افراد شامل تھے۔
تقریب میں مقررین اور مہمانِ خصوصی نے طلباء کی تقاریر کو سراہا اور کہا کہ یومِ دفاع کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی ہمارے اتحاد اور قربانیوں میں مضمر ہے۔ اس موقع پر طلباء اور معزز مہمانوں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں