عالمی یومِ سیاحت 2025 پہلی بار وادیٔ کالاش کی حسین ترین وادی بمبوریت میں کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیرِ اہتمام نہایت جوش و خروش سے منایا گیا۔

عالمی یومِ سیاحت 2025 پہلی بار وادیٔ کالاش کی حسین ترین وادی بمبوریت میں کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیرِ اہتمام نہایت جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس موقع پر نہ صرف ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے بھرپور شرکت کی بلکہ مقامی کمیونٹی اور طلبہ نے بھی اپنی روایتی جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
تقریب میں معزز مہمانوں میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف چترال ڈاکٹر حاضر اللہ، شہزادہ مسعود الملک، ڈائریکٹر جنرل کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی منہاز الدین، بورڈ ممبر سرتاج اور حریر شاہ شریک ہوئے۔ اس پررونق دن کی سرگرمیوں میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا تاکہ ماحول دوست سیاحت کو فروغ ملے اور وادی کے قدرتی حسن کو محفوظ بنایا جا سکے۔ طلبہ نے اپنی رنگارنگ پرفارمنسز کے ذریعے کالاش کی ثقافت کو اجاگر کیا جبکہ ثقافتی پریڈ نے شرکا کو بے حد محظوظ کیا۔
اس کے ساتھ ساتھ کالاش دستکاری اور مقامی کھانوں کی نمائش بھی سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنی، جس نے وادی کے منفرد ذائقوں اور ہنر کو نمایاں کیا۔ سیاحت کے شعبے سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ سیمینار اور مباحثے کا اہتمام کیا گیا، جہاں سیاحت کے مسائل، پالیسیوں اور مستقبل کے مواقع پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ دن کے اختتام پر ثقافتی نائٹ نے اس تقریب کو یادگار بنا دیا، جہاں کالاش کی روایتی موسیقی اور رقص نے ماحول کو خوشیوں سے بھر دیا۔
یہ تقریب سیاحوں کے لیے ایک ناقابلِ فراموش تجربہ ثابت ہوئی اور مقامی کمیونٹی کو اپنی ثقافت اور ورثے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا۔ بلاشبہ ایسے پروگرام مستقبل میں سیاحت کے فروغ، معیشت کی بہتری اور کالاش وادی کو بین الاقوامی سطح پر مزید پہچان دلانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔





