تازہ ترین

انداز 21 گیمز میں چترال کے فٹبالرز کو نظر انداز کرنا ناانصافی ہے، معاملے کی انکوائری کرکےآئندہ کے لئے اصلاح احوال کیا جائے/ کمال عبدالجمیل

اچترال: پشاور میں منعقد ہونے والے انڈر 21 گیمز کے لیے ملاکنڈ ڈویژن کی فٹبال ٹیم میں چترال کے نوجوان کھلاڑیوں کو نظر انداز کیے جانے پر آئیڈیل کلب چترال کے صدر اور خیبر پختونخوا سے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے امیدوار کمال عبدالجمیل نے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔

میڈیا کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ چترال، جو ملاکنڈ ڈویژن کا اہم اور دو اضلاع پر مشتمل خطہ ہے، فٹبال کے میدان میں ایک منفرد شناخت رکھتا ہے۔ چترال کے نوجوان کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں، اس کے باوجود قومی سطح کے ان مقابلوں میں چترال کے فٹبالرز کو مکمل طور پر نظر انداز کرنا نہ صرف سنگین غفلت بلکہ پورے خطے کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے، جس سے ایک منفی اور مایوس کن تاثر پیدا ہوا ہے۔
نوجوان کھلاڑیوں کے لئے ایسے مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے مگر افسوس کہ ایسا نہیں کیا جا رہا۔

کمال عبدالجمیل نے صوبائی وزیر اعلیٰ، وزیر کھیل، صوبائی سیکرٹری کھیل اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی شفاف اور غیر جانبدار انکوائری کرائی جائے، چترال کو دانستہ طور پر اس عمل سے باہر رکھنے کے محرکات سامنے لائے جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے اقدامات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی اور رکن صوبائی اسمبلی فاتح الملک علی ناصر سے خصوصی اپیل کہ وہ اس جانب توجہ دیں اور آئندہ کے لئے چترال کے کھلاڑیوں کےساتھ ناانصافی کا تدارک کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چترال کے دونوں اضلاع نہایت دورافتادہ ہیں اور کھلاڑیوں کو ٹرائلز کے لیے سوات بلانا دراصل انہیں عملی طور پر اس مرحلے سے باہر رکھنے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈویژنل ٹیم کی تشکیل کے لیے ابتدائی ٹرائلز ضلعی سطح پر منعقد کیے جائیں جبکہ منتخب شدہ کھلاڑیوں کے حتمی ٹرائلز ڈویژنل سطح پر کرائے جائیں، نیز اس پورے عمل میں ضلعی فٹبال ایسوسی ایشن (ڈی ایف اے) کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button