چترال لوئر،سگے باپ پر تشدد کرنے والا نوجوان گرفتار

چترال/لوئر چترال پولیس نے علاقہ تھراڑو ایون سے تعلق رکھنے والے نوجوان ساجد کو اپنے ہی والد پر تشدد کرنے کے الزام میں فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ ایون ایس آئی کفایت اللہ نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی۔ڈی پی او لوئر چترال رفعت اللہ خان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں والدین کی عزت و احترام کو انتہائی بلند مقام حاصل ہے اور والدین کے ساتھ بدسلوکی یا تشدد کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنی اولاد کی بہتر پرورش، تعلیم اور مستقبل کے لیے پوری زندگی قربان کردیتے ہیں، اس لیے ان کے احترام کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔



