ڈسٹرکٹ جینڈر ایکولٹی فورم کی ڈپٹی کمشنر چترال لوئر سے ملاقات، خواتین کے مسائل پر تفصیلی گفتگو

چترال (نمائندہ) ڈسٹرکٹ جینڈر ایکولٹی فورم اور ڈسٹرکٹ جینڈر ڈیسک کے وفد نے ڈپٹی کمشنر چترال لوئر راؤ ہاشم عظیم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت فورم کے چیئرپرسن نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے کی۔
ملاقات میں خواتین کے ذہنی صحت کے مسائل، سرکاری و نجی اداروں میں خواتین کے لیے مختص جاب کوٹہ، اور ورک پلیس پر بہتر اور محفوظ ماحول کی فراہمی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ مختلف محکموں میں کام کرنے والی خواتین کے لیے علیحدہ ورک اسپیس، واش رومز اور ریٹائرنگ رومز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ خواتین ملازمین کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔
وفد کے اراکین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ خواتین کے لیے مختص 10 فیصد کوٹہ پر مؤثر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ ان کے مطابق سکیل 1 سے 10 تک ہر سال متعدد آسامیوں کے اشتہارات میں خواتین کے کوٹہ کو واضح طور پر ظاہر نہیں کیا جاتا، جبکہ بعض مواقع پر خواتین کے لیے مختص نشستوں پر بھی مرد امیدواروں کو بھرتی کیاجاتا ہے۔ مزید یہ کہ بعض خواتین امیدواروں کو اپلائی کرنے کے دوران حوصلہ شکنی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے فورم کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے اس کی کاوشوں کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مسائل کو تحریری شکل میں پیش کیا جائے تاکہ ڈی سی آفس کی جانب سے متعلقہ اداروں کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر کے عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے خواتین کوٹہ سے متعلق مکمل ڈیٹا فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر خضر حیات خان، جینڈر ڈیسک کی انچارج ناظرہ شاہ، فورم کی نائب چیئرپرسن نازیہ حسن، شمس القمراور دیگر نمائندے بھی موجود تھے، جنہوں نے خواتین کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔





