رائٹ ٹو سروسز کمیشن لوئر چترال کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار روم میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لوئر چترال کے وکلاء کیلئے ایک اہم آگاہی سیشن کا انعقاد

چترال(نمائندہ ) رائٹ ٹو سروسز کمیشن لوئر چترال کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار روم میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لوئر چترال کے وکلاء کیلئے ایک اہم آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن میں وکلاء کو رائٹ ٹو سروسز ایکٹ 2014 کے اہم نکات اور عوامی خدمات کی بروقت فراہمی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرمنیراحمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کسی بھی مہذب معاشرے میں انصاف، اصلاح اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء عوام کو ان کے قانونی حقوق اور سرکاری اداروں سے بروقت خدمات حاصل کرنے کے حوالے سے شعور دینے میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رائٹ ٹو سروسز ایکٹ 2014 کا مقصد شہریوں کو مقررہ وقت میں سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانا اور تاخیر یا غفلت کی صورت میں متعلقہ اداروں کو جوابدہ بنانا ہے۔
سیشن کے اختتام پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لوئر چترال مومن الرحمن ایڈووکیٹ اورجنرل سیکٹری بارنابیگ ایڈوکیٹ نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوامی خدمات کی بروقت فراہمی کیلئے کمیشن کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات میں تاخیر ناقابل برداشت ہے اور قانون کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے رائٹ ٹو سروسز کمیشن کی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیا۔




