لاسپور پولو ٹیمیں ہمیشہ نظر انداز کیوں؟…….تحریر ۔ شاہد علی خان یفتالی ایڈوکیٹ

چترال کے پولو ہیروز کے اعزاز میں کور کمانڈر ہاؤس پشاور میں کور کمانڈر پشاور، لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری صاحب کی جانب سے تقریب کا انعقاد ایک انتہائی خوش آئند اقدام تھا۔ ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اپنے ہیروز کی حوصلہ افزائی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
تاہم، اس خوشی کے ساتھ ایک گلہ بھی ہے کہ ہمارے چترال پولو ایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ سکندر الملک اور صوبائی حکومت کی وجہ سے لاسپور ویلی کی پولو ٹیموں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، جو کسی طور انصاف کے تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ گزشتہ سال شندور پولو فیسٹیول میں لاسپور کی ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے لیے دو ٹرافیاں جیتیں، لیکن اس کے باوجود کور کمانڈر ہاؤس میں انہیں مدعو کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے سے گریز کیا گیا۔ یہ ہمارے پولو ایسوسی ایشن اور نمائندوں کی کمزوری ہے۔ ہر میٹنگ میں بیٹھ کر خوامخواہ اپنے آپ کو لاسپور کا نمائندہ ظاہر کرتے ہیں، جبکہ لاسپور ویلی کے اصل حقائق افسرانِ بالا سے چھپاتے ہیں۔ یہ سراسر عوام کے ساتھ دھوکہ ہے، جس کی وجہ سے لاسپور ویلی ہمیشہ محروم رہی ہے۔
سکندر الملک صاحب اور ڈپٹی اسپیکر صاحبہ! لاسپور ویلی بھی آپ ہی کے علاقے کا حصہ ہے اور یہاں کے لوگ بھی اسی سرزمین کے باسی ہیں۔ لاسپور کے عوام شندور پولو فیسٹیول کے اصل اسٹیک ہولڈرز ہیں۔ مرحوم سابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چترال امیر اللہ خان یفتالی نے شندور پولو فیسٹیول کی سرکاری سطح پر بنیاد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور ہمیشہ لاسپور کے عوام کو ساتھ لے کر اس عظیم فیسٹیول کو کامیاب بنایا۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ آج بھی لاسپور کے عوام کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ کیا متعلقہ اداروں سے یہ پوچھا گیا کہ فیسٹیول کے اختتام کے بعد صفائی کا کیا انتظام کیا گیا؟ کیا ڈی سی اپر چترال یا ضلعی انتظامیہ سے یہ دریافت کیا گیا کہ فیسٹیول کے دوران پھینکے گئے کچرے کو کھانے سے لاسپور کے لوگوں کے کتنے مال مویشی ہلاک ہوئے؟ اور کیا متاثرین کو کسی قسم کا معاوضہ فراہم کیا گیا؟
جناب کور کمانڈر پشاور! یہ شکایات دراصل صوبائی حکومت سے ہونی چاہئیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ اس معاملے میں بے بس اور بے اختیار نظر آتی ہے۔ 28 مئی تک یہ فیصلہ بھی نہیں ہو سکا تھا کہ اس سال شندور پولو فیسٹیول منعقد ہوگا یا نہیں۔ آپ کی خصوصی دلچسپی اور مداخلت کی بدولت ہی اس فیسٹیول کا انعقاد ممکن ہوا، جس پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔
اسی لیے یہ گلہ اور یہ گزارش بھی آپ ہی کے نام ہے کہ لاسپور ویلی، اس کے عوام اور اس کی پولو ٹیموں کو وہ مقام اور عزت دی جائے جس کے وہ حقیقی معنوں میں مستحق ہیں۔







