تازہ ترین
لینک دربار تنازعے میں نیا موڑ، اہالیان دنین لشٹ کا زمین پر ملکیتی حق کا دعویٰ

چترال (ڈیلی چترال نیوز) لینک دربار تنازعے نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ اہالیان دنین لشٹ کے نمائندوں نے جمعرات کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جس اراضی پر لینک دربار ریسٹورنٹ قائم کیا گیا تھا، وہ غلام جیلانی کے ورثاء کی نہیں بلکہ اہالیان دنین لشٹ کی ملکیت ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منور احمد، شاکراللہ، عمران خان، شیر حیدر، صابر خان، شاکر احمد، کریم اللہ، فتح الرحمن، سرفراز شاہ اور نور عزیز اللہ نے کہا کہ ریسٹورنٹ کے لیے غلام جیلانی کے ورثاء کے ساتھ کیا گیا معاہدہ قانونی حیثیت نہیں رکھتا، کیونکہ مذکورہ اراضی کے حوالے سے ہائی کورٹ کا فیصلہ اہالیان دنین لشٹ کے حق میں آ چکا ہے اور لینڈ سیٹلمنٹ ریکارڈ میں بھی زمین ان کے نام درج ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر لینک دربار کے مالکان کو کسی قسم کا مالی نقصان پہنچا ہے تو اس کا ازالہ غلام جیلانی کے ورثاء کو کرنا چاہیے، جنہوں نے ان کے بقول ایک سازش کے تحت ریسٹورنٹ مالکان کے ساتھ معاہدہ کیا۔
اہالیان دنین لشٹ کے نمائندوں نے مزید کہا کہ فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس معاملے کو حقائق کے برعکس پیش کیا جا رہا ہے، جس سے عوام میں غلط فہمیاں پیدا ہو رہی ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر لینک دربار کو دوبارہ اس کے مالکان کے حوالے کیا گیا تو دنین لشٹ کے عوام احتجاجاً سڑکیں بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے ریسٹورنٹ مالکان سے مطالبہ کیا کہ وہ مذکورہ مقام پر دوبارہ کاروبار شروع کرنے کے بجائے اپنے لیے متبادل جگہ تلاش کریں۔
پریس کانفرنس کے شرکاء نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کو قانونی فیصلوں اور زمینی حقائق کی روشنی میں حل کیا جائے تاکہ علاقے میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے



