بلچ میں پروفیسر صاحب الدین کے اعزاز میں تقریب، تعلیمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین

چترال (نمائندہ خصوصی) بلچ کی مقامی سماجی تنظیم متحدہ امن فلاحی تنظیم کے زیر اہتمام چترال کے معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر صاحب الدین کی گریڈ 20 سے گریڈ 21 میں ترقی اور بطور پرنسپل گورنمنٹ کالج آف مینجمنٹ سائنسز سنگوٹا سوات تعیناتی کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں تنظیم کے کابینہ اراکین، معززینِ علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سابق چیف آفیسر عبدالکبیر، مفتاح الدین، مولانا گلاب الدین، صاحب نادر ایڈووکیٹ، فضل رحیم ایڈووکیٹ، شجاعت علی خان اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر صاحب الدین کی 34 سالہ شاندار تعلیمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
مقررین نے کہا کہ پروفیسر صاحب الدین ایک شفیق، مخلص، محنتی اور باصلاحیت استاد ہیں جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی تعلیم کے فروغ اور طلبہ کی کردار سازی کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ترقی نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پورے چترال کے لیے باعثِ فخر اعزاز ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ وہ جہاں بھی خدمات انجام دیں گے وہاں کے طلبہ کے روشن مستقبل اور تعلیمی معیار کی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر مقررین نے متحدہ امن فلاحی تنظیم کی سماجی خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ تنظیم گزشتہ کئی برسوں سے بلچ اور گرد و نواح کے علاقوں میں عوامی مسائل کے حل، نادار طلبہ کی کفالت، نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور انہیں ہنر مند بنانے کے لیے معیاری کمپیوٹر سینٹر کے قیام سمیت مختلف فلاحی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر صاحب الدین نے اپنے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر تنظیم کے عہدیداروں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس محبت، عزت افزائی اور حوصلہ افزائی کو وہ کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی 34 سالہ تدریسی زندگی کے دوران انہیں 14ہزار سے زیادہ طلبہ کی رہنمائی اور تربیت کا موقع ملا، جن میں سے متعدد آج ملک کے مختلف اہم اداروں اور اعلیٰ عہدوں پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جو ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پروفیسر صاحب الدین کی مزید کامیابیوں اور نئی ذمہ داریوں میں بہترین کارکردگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔










