تازہ ترین
ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور محکمہ امورِ نوجوانان اپر چترال کے باہمی اشتراک سے بریپ میں ایک عظیم الشان یوتھ آگاہی سیشن/کھلی کچہری کا انعقاد

ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور محکمہ امورِ نوجوانان اپر چترال کے باہمی اشتراک سے بریپ میں ایک عظیم الشان یوتھ آگاہی سیشن/کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
کھلی کچہری کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر اپر چترال عدنان حیدر ملوکی نے کی۔ کھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر اپر چترال عثمان سیرنگ، علاقے کے منتخب نمائندگان اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور تعلیم، روزگار، کھیلوں، بنیادی سہولیات اور دیگر عوامی مسائل سے متعلق اپنے خیالات، تجاویز اور مسائل ضلعی انتظامیہ اور محکمہ امورِ نوجوانان کے سامنے پیش کیے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ براہِ راست رابطے اور ان کے مسائل کے مؤثر حل کے لیے اس نوعیت کی کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہےجس کا آغاز بریپ سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کی جانب سے پیش کیے گئے تمام مسائل کو نوٹ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ کرکے ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
شرکاء نے اس مؤثر اور مثبت اقدام پر ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور محکمہ امورِ نوجوانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔





