تازہ ترین

لوئر چترال: مہنگائی، بجلی بلوں اور ٹیکسوں کے خلاف جماعت اسلامی کا اتالیق پل پر احتجاجی دھرنا شروع

چترال(نمائندہ ) امیر جماعت ا سلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی طرف سے دی گئی کال پر جماعت اسلامی لوئر چترال نے جمعہ کے روز امیر ضلع وجیہ الدین کی قیادت میں ملک گیر احتجاجی تحریک کے تسلسل میں عوامی مسائل اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی دھرنے کا آغاز کر دیا۔
چترال شہر کے مرکزی مقام پر واقع اتالیق پل پر قائم دھرنے سے نائب صوبائی امیر مغفرت شاہ اور امیر ضلع وجیہہ الدین کے علاوہ جماعت کے دوسرے سینئر رہنما مولانا جمشید احمد، عبد الحق، شجاع الحق بیگ،قاضی سلامت اللہ، اقبال الدین، زہیب اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور بجلی و پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی فوری ختم کی جائے، پٹرول کی قیمتوں میں کمی، بجلی کے بلوں میں ریلیف، غیر ضروری سرچارجز کا خاتمہ اور IPPs کے مہنگے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے۔ اسی طرح ملاکنڈ ڈویژن کے عوام پر نئے ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کے بجائے انہیں مؤثر ٹیکس ریلیف فراہم کیا جائے۔رہنماؤں نے کہا کہ حکومت اپنے غیر ضروری اخراجات اور حکمران طبقے کی مراعات کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
جماعت اسلامی لوئر چترال نے اعلان کیا کہ احتجاجی دھرنا روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا اور مرکزی قیادت کی ملک گیر تحریک کے آئندہ تمام مراحل میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔
مقررین نے 3 ستمبر کی ملک گیر پُرامن ہڑتال میں تاجر برادری، سول سوسائٹی، نوجوانوں اور تمام باشعور شہریوں سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حقوق کے حصول اور حقیقی معاشی ریلیف تک یہ پُرامن جدوجہد جاری رہے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button