پشاور(نامہ نگار)ڈائریکٹرجنرل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن میجرجنرل محمد افضل نے کہاہے کہ سوات موٹروے ملک میں کسی بھی صوبے کا اپنی نو عیت کاپہلا موٹروے ہوگاجس سے ترقی وخوشحالی کے نئے دورکاآغازہوگا اور یہ سوات ،دیر،چترال اور دیگر ملحقہ علاقہ جات میں انقلابی ترقی کاپیش خیمہ ثابت ہوگا۔ مذکورہ منصوبے اپنے مقرر ہ مدت سے پہلے پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے گا جس سے خیبرپختونخوا کے شمالی اضلاع میں سیاحت وتجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز کرنل شیر خان انٹرچینج صوابی میں سوات موٹروے کے نام سے صوبے کی سطح پر بننے والے پہلے موٹروے کا سنگ بنیاد رکھنے کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک تھے ۔تقریب سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ،امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور وزیر اعلی کے مشیر برائے مواصلات وتعمیرات اکبر ایوب نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر ،متعدد صوبائی وزراء ،انجینئرانچیف پاک آرمی لیفٹیننٹ جنرل خالد اصغر سمیت ایف ڈبلیواو کے افسران واہلکار ،مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ حکام اورعوام نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔ تقریب سے ڈی جی ایف ڈبلیو او نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سوات موٹروے پر روزانہ 15 سے 30 ہزار گاڑیاں گزریں گی جس پر6 انٹر چینجز بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ وادی سوات اوردیر کادورازہ ثابت ہوگا جوکہ صوبے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا جس طرح ہم سی پیک کو پاکستان کے لئے گیم چینجر تصور کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کام کا اعلیٰ معیار ہماری پہچان ہے اور یہ موٹروے بھی عالمی معیار کے مطابق ایک مثالی ومعیاری منصوبہ ثابت ہوگا۔